• news

رو س سے مبینہ تعلقات،انٹیلی جنس کمیٹی نے ٹرمپ مہم کی دستاویزات طلب کر لیں

واشنگٹن(این این آئی)امریکہ میں 2016 کے صدارتی انتخاب میں مبینہ روسی مداخلت کی تحقیقات کرنے والی سینٹ کی انٹلی جنس کمیٹی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مہم سے کہا ہے کہ وہ جون 2015 میں اس کے آغاز سے لے کر اپنی تمام دستاویزات اس کے حوالے کرے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات امریکہ کے اخبار میں ان دو افراد کے حوالے سے شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں بتائی گئی ہے جنہیں اس درخواست سے متعلق بریفنگ دی گئی۔امریکی اخبار نے کہا کہ سینٹ کے پینل کی طرف سے یہ دستاویزات، ای میلز، ٹیلی فون ریکارڈ جس خط کے ذریعے طلب کیے گئے ہیں وہ ٹرمپ مہم کی کمیٹی کے پاس گزشتہ روز پہنچا اور یہ اس کے خزانچی کے نام لکھا گیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ پہلی بار ہوا ہے کہ ٹرمپ کی مہم کی تنظیم کو دو جماعتوں کی اس کمیٹی کی طرف سے صدارتی انتخاب میں روسی مداخلت سے متعلق کی جانے والی تحقیقات میں شامل کیا گیا ہے۔امریکی اخبار نے ان ہی دو افراد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ توقع کی جارہی ہے کہ مہم کے درجنوں سابق عہدیداروں سے اس بات کو یقینی بنانے کے لئے رابطہ کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن