• news

قومی ہاکی ٹیم آئرلینڈ پہنچ گئی

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم کپتان عبدالحسیم خان کی قیادت میں آئر لینڈ پہنچ گئی۔ ورلڈ ہاکی لیگ سیمی فائنل راونڈ کی تیاری کے سلسلہ میں پاکستان اور آئر لینڈ کی ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ٹیم کو ورلڈ کپ کوالیفائنگ راونڈ کی تیاری کے لیے آئرلینڈ کی سینئر اور انڈر 21 ٹیموں کے ساتھ پانچ میچز کا اہتمام کیا ہے۔جن میں تین میچ سینئر ٹیم کے ساتھ جبکہ دو میچ انڈر 21 ٹیم کے خلاف کھیلے گی۔ سینئر ٹیم کے ساتھ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ یکم جون کو کھیلا جائیگا جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ تین اور چار جون کو ہوگا۔ پاکستان ٹیم کے کپتان عبدالحسیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ان کا پہلا ہدف پاکستان ٹیم کو ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کرانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑی فٹ اور بھرپور فارم میں ہیں انشااﷲ فیڈریشن اور قوم کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرینگے۔ ہیڈ کوچ خواجہ جنید کی زیر نگرانی تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں نے اپنی خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کی ہے۔ بھارت کے خلاف میچ کا کوئی پریشر نہیں ہے اپنا اچھا کھیل پیش کر کے کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن