انگلینڈ میں چیمپئنز ٹرافی سمیت کھیلوں کے مقابلوں پر کڑے پہرے
لندن(سپورٹس ڈیسک) انگلینڈ میں چیمپئنز ٹرافی سمیت تمام سپورٹس ایونٹس کی سکیورٹی میں بے پناہ اضافہ کردیا گیا۔حکام کی جانب سے ایک اور بڑے حملے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، ایف اے کپ فٹبال فائنل کے موقع پر بھی سکیورٹی انتظامات انتہائی سخت تھے، گلاسگو میں سکاٹش کپ فائنل، ٹویکنہام میں انگلش پریمیئر شپ رگبی فائنل اور ساو¿تھمٹن میں انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان کرکٹ میچ کے موقع پر بھی کڑی نگرانی کی گئی۔ چیلسی نے پریمیئر لیگ میں فتح کا جشن منانے کیلیے لندن میں اتوار کو شیڈول پریڈ بھی منسوخ کردی جبکہ فائنل میں شکست سے دوچار ہونےوالی ٹیم کی انتظامیہ نے کہاکہ اگر وہ بھی جیتتے تو پریڈ نہ کرتے۔انگلش کرکٹ بورڈ نے مانچسٹر میں ہونےوالے دہشتگرد حملوں کے بعد جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کو سکیورٹی مزید بڑھانے کی ضمانت دے دی تاکہ مہمان ٹیم اطمینان کے ساتھ اپنا دورہ مکمل کر سکے۔ جنوبی افریقی ٹیم کے منیجر محمد موسیٰ جی نے بتایا کہ گذشتہ ہفتے ہونےوالے دہشتگرد حملوں کی وجہ سے جنوبی افریقی ٹیم کے کھلاڑیوں کو سکیورٹی کے حوالے سے خدشات تھے، خصوصی طور پر مانچسٹر کے حوالے سے کیونکہ جنوبی افریقہ کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا آخری میچ مانچسٹر میں ہی کھیلنا ہے۔چیمپئینز ٹرافی کے بعد جنوبی افریقی ٹیم برطانیہ میں مزید دو ماہ تک قیام کرےگی جہاں وہ انگلش ٹیم کےخلاف ٹی ٹونٹی اور ٹیسٹ سیریز بھی کھیلے گی۔ٹیم میں بے چینی پائی جارہی ہے تاہم میں اس بات پر خوش ہوں کہ ہم انگلش بورڈ اور سکیورٹی منیجر سے رابطے میں تھے۔ برطانوی حکام کی جانب سے انہیں یقین دلایا گیا ہے اور ضمانت دی گئی ہے کہ ٹیم کی سکیورٹی کے انتظامات کو مزید بڑھایا جائےگا۔ انہیں باور کرایا گیا ہے کہ ان کے سٹیڈیم، پریکٹس سیشن اور ان کے ہوٹل پر مزید پولیس کی نفری تعینات کی جائے گی۔ دہشتگرد حملے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیمپیئنز ٹرافی اور ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کی سکیورٹی کا جائزہ لینے اور کھلاڑیوں کی حفاظت کیلئے اسے مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔آئی سی سی کے بیان میں کہا گیا کہ ٹورنامنٹ کے سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ، انگلش کرکٹ بورڈ اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر مکمل حفاظت فراہم کرتے ہوئے سخت ترین سکیورٹی پلان یقینی بنائیں گے۔