چیمپئنز ٹرافی آسان نہیں، قومی ٹیم سے توقعات نہ رکھی جائیں: سابق کرکٹرز
لاہور(سپورٹس رپورٹر) سابق ٹیسٹ کرکٹرزعامر سہیل، اشرف علی ، اکرم رضا نے کہا ہے کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی آسان ٹورنامنٹ نہیں، قومی ٹیم سے زیادہ توقعات نہ رکھی جائیں، جیت کےلیے اچھے سکواڈ کےساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔بہت سے شعبوں میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ آج کی کرکٹ ماڈرن ہو گئی جس میں کسی بھی حریف ٹیم کو پکڑنا مشکل نہیں ہے۔حریف ٹیموں کو شکست دینے کے لیے پاکستان ٹیم کو اپنا باولنگ اٹیک مضبوط بنانا ہوگا۔ سابق وکٹ کیپر بلے باز اشرف علی کا کہنا تھا کہ چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کا پہلا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہے اس میچ میں وہ ٹیم کامیابی حاصل کرئے گی جو اپنے اعصاب پر قابو رکھے گی۔ سرفراز کی نسبت بھارتی ٹیم کے کپتان زیادہ تجربہ کار ہیں۔ جوش اور تجربہ ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوگا۔ پاکستان ٹیم اگر پہلے بیٹنگ کرتی ہے تو اسے تین سو رنز سکور کرنے ہونگے اگر پہلے باولنگ کرنا پڑتی ہے تو حریف ٹیم کو 260 سے 270 تک قابو رکھنا ہوگا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر اکرم رضا کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ اتنا آسان نہیں جتنا سمجھا جا رہا ہے۔ انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور بھارت کی ٹیمیں ٹورنامنٹ کی فیورٹ ہیں۔ پاکستان ٹیم کو جیت کے لیے تینوں شعبوں میں پرفارم کرنا ہوگا۔