• news

نجم سیٹھی ہی آئندہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ہونگے : شکیل شیخ

لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے رکن شکیل شیخ کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی کو وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کی مکمل حمایت اور تعاون حاصل ہے۔نجم سیٹھی ہی کرکٹ بورڈ کے آئندہ چیئرمین ہونگے۔ میڈیا میں بہت سے نام سامنے آ رہے ہیں لیکن حقیقت میں پاکستان سپر لیگ اور بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چئیرمین ہی پی سی بی کے آئندہ چیئرمین ہونگے۔ شہریار خان کی مدت مکمل ہونے کے بعد نجم سیٹھی یہ عہدہ سنبھالیں گے، پاکستان سپر لیگ کا انعقاد پھر لاہور میں دوسرے ایڈیشن کا فائنل اور اب آئندہ برس لاہور میں سپر لیگ کے میچز پر بھی کام کر رہے ہیں کرکٹ کی بہتری کےلئے انکے پاس جامع منصوبہ ہے۔ سالانہ اجلاس میں انکے حق میں قرارداد دراصل پاکستان کرکٹ کے منتخب نمائندوں کا نجم سیٹھی پر اعتماد کا اظہار ہے۔ یہ کرکٹ کی قومی اسمبلی تھی اور اس اسمبلی نے متفقہ طور پر انہیں آئندہ چیئرمین کے لئے تسلیم کیا ہے۔ 

ان قراردادوں کی منظوری کے بعد تمام افواہیں دم توڑ گئی ہیں اور سب کو اندازہ ہو گیا ہے کہ کرکٹ بورڈ کا نیا چیئرمین کون ہو گا۔ اقتدار کی منتقلی کے حوالے سے تمام کام مکمل ہو چکا ہے وقت آنے پر مرحلہ وار تمام چیزوں کا اعلان کر دیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن