• news

دوطرفہ سیریزپاکستان،بھارت کرکٹ بورڈ حکام کے درمیاں ملاقات آج ہوگی

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام کی ملاقات آج پیر کو دبئی میں ہو گی۔ جس میںبھارت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ سیریز نہ کھیلنے کے باعث ہونے والے نقصان اور پی سی بی کے بھجوائے گئے لیگل نوٹس پر بات چیت کی جائے گی۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق چیئر مین شہریار خان، ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد پاکستانی وفد کا حصہ ہوں گے جبکہ بھارتی وفد میں بی سی سی آئی کے سیکریٹری امیتابھ چوہدری، چیف ایگزیکٹیو راہول جوہری، ایم وی سری دھر اور ایک وکیل شامل ہوں گے۔ذرائع نے بتایا کہ اگر دونوں بورڈ کسی نتیجے پر پہنچنے میں ناکام رہے تو بعد ازاں آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈیوڈ رچرڈسن کی موجودگی میں دوبارہ مذاکرات ہوں گے اگر یہ مذاکرات بھی ناکام رہے تو اس معاملے کو آئی سی سی کی تنازعات حل کرنے کی کمیٹی کے سپرد کردیا جائے گا۔یاد رہے کہ پی سی بی نے بی سی سی آئی کو مذکورہ معاہدے کے ساتھ ایک قانونی نوٹس بھجوایا تھا جس کے بارے میں بعد ازاں دعویٰ کیا گیا کہ وہ دو فریقین کے درمیان صرف ایک ایم او یو تھا۔ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی 2013 میں بھارت میں منعقد ہونے والی ایک روزہ سیریز کے باقی 3 میچز کے انعقاد کا مطالبہ بھی کررہا ہے جو پاکستان یا کسی غیر جانبدار مقام پر کھیلے جاسکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن