لاہور :عمران آگ سے کھیل رہے ہیں‘ زرداری کی پنجاب آمد سے خطرہ نہیں: سعد رفیق
لاہور (خبرنگار) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ 19سال قبل دنیا کی عالمی طاقتوں کے دباؤ کے باوجود ایک منتخب وزیر اعظم پاکستان نے عوام کے ووٹ کی طاقت کا صحیح استعمال کرتے ہوئے ازلی دشمن بھارتی دھماکوں کے مقابلے میں ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کو دنیا اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت بنا کر مسلمانوں اور پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند کردئیے، معاشی پابندیاں بھی لگیں، جلا وطنی بھی برداشت کی لیکن اس کی کوئی پرواہ نہیںتو آج جب ایک نیا کھلاڑی پرانے الزامات لگا رہے ہیں تو تکلیف پہنچتی ہے کہ ان طاقتوں نے پہلے لیاقت علی خان کو نشانہ بنایا پھر ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل کرایا اور پھر وزیراعظم میاں نواز شریف پر پہلے طیارہ سازش پھر عمر قید اور پھر جلا وطن کردیا گیا، جلاوطنیاں ملک کا فیشن بن گیا، عمران خان آپ آگ سے کھیل رہے ہیں جس شاخ پر بیٹھے ہو اسی کو کاٹ رہے ہو، برسوں گالیاں سنتے رہے اور خاموش رہے اور قیادت کے حکم پر جواب نہیں دے سکتے، ملکی سیاست کو نومولود کھلاڑی نقصان پہنچارہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’یوم تکبیر‘‘ 28 مئی کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر محمد پرویز ملک، جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر کی صدارت میں الحمرا ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر خواجہ احمد حسان، لارڈ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، ایم این اے وحید عالم ملک ریاض، بیگم رانا مبشر، شائستہ پرویز ملک، ممبران پنجاب اسمبلی غزالی سلیم بٹ، رمضان صدیق بھٹی، فرزانہ بٹ، فرزانہ نذیر، سید توصیف شاہ، اظہر فاروقی، عامر خان، گلزار گجر، ڈپٹی مئیر راؤ شہاب الدین، میاں طارق، حاجی اللہ رکھا، عمران گورایہ، چوہدری عبدالمجید، سعدیہ تیمور، رابعہ فاروقی، سمیرا امجد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا پہلے ایٹمی دھماکہ کیا اب معاشی دھماکہ کرنے جا رہے ہیں اور وہی مشکلات ہیں اس راستے پر پرویز مشرف اور زرداری نہیں چلے یہی چائنہ تھا اور یہی پاکستان ۔انہوں نے کہا ہم جانتے ہیں وزیراعظم میاں نواز شریف پر جھوٹے الزامات کے ذریعے دھول پھینکی جا رہی ہے، سوال صرف نواز شریف کے بچوں سے ہی کیوں؟ ایک سیاستدان کے پاس کردار کے سوا بچتا ہی کیا ہے اسی لئے میاں نواز شریف کے کردار کو متنازع بنایا جا رہا ہے تاکہ 2018ء کے عام انتخابات میں انکی مقبولیت میں کمی واقع ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم دودھ شہد کی نہروں کا دعویٰ نہیں کرتے لیکن یہ کرپشن کرنے والے تبدیلی نہیں لا سکتے۔انہوں نے کہا آصف علی زرداری کی پنجاب آمد سے مسلم لیگ ن کو سیاسی فائدہ پہنچتا ہے ہمیں ان سے کوئی خطرہ نہیں۔ انہیں سندھ اور کراچی کی طرف توجہ دینی چاہیے۔ مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر محمد پرویز ملک و جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا عالمی دباؤ کے باوجود و زیر اعظم نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کرکے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا،اب کسی دشمن میں جرات نہیں وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے کہا سب سے زیادہ کام منتخب وزرائے اعظم نے کئے اور الزام بھی انہی پر لگے ہماری کارکردگی سے ملک کے اندر اور باہر بہت سے لوگوں کے سیٹوں پر سانپ لوٹ رہے ہیں۔ چارسال میں پنجاب نے کتنی بجلی پیدا کی دوسرے صوبوں نے کتنی بجلی پیدا کی اس حوالے سے مقابلہ کرو۔ زرداری صاحب کی پنجاب آمد کا ہمیں تو فائدہ ہوتا ہے، سابق صدرکی پارٹی نے سندھ کو کھنڈر بنا دیا، کراچی کو کچہرے کے ڈھیر میں بدل دیا ہے۔ ملک میں سارے تجربے کرکے دیکھ لئے گئے کچھ نہیں ہوا، اب جمہوریت کوچلنے دیاجائے۔