• news

پی ٹی آئی ارکان کا گرڈ سٹیشن پر حملہ سازش، خطرناک نتائج ہو سکتے ہیں: عابد شیر

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر مملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف نے ایٹمی دھماکے کرکے قوم کا سربلند کر دیا۔ 28مئی 1998ملکی تاریخی میں اہم سنگ میل رکھتا ہے یوم تکبیر منانے کا بڑا مقصد یہ بھی ہے کہ روایتی دشمن بھارت کو احساس دلایا جاسکے کہ وہ پاکستان کو ترنوالہ نہ سمجھے ‘بھارت جو شروع دن سے ہی پاکستان کیخلاف سازشوں میں مصروف ہے اور سولہ دسمبر 1971کو اس نے گھنائونی سازش اور فوجی قوت کے بل بوتے پر مشرقی پاکستان کو الگ کردیا تھا ‘پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور کبھی کسی پڑوسی ملک کیخلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا مگر بھارت کی فوجی برتری کسی طور پر قبو ل نہیں کرتا ۔ فیصل آباد پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ پنجاب کے زیراہتمام ایک بڑی تقریب منعقدہوئی ،تقریب کے مہمان خصوصی وزیر مملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی تھے۔ عابد شیر علی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نوازشریف کی قیادت میں حکومت ملکی ترقی کا نان سٹاپ سفر شروع کرچکی ہے ملکی تعمیروترقی و خوشحالی ہی نواز حکومت کا مشن اور اولین ترجیح ہے احتجاجی سیاست کرنیوالے عناصر ملکی ترقی کیساتھ دشمنی کر رہے ہیں ترقی کے راستے پر گامزن پاکستان کسی احتجاجی سیاسی کا متحمل نہیں ہوسکتا ‘مسلم لیگ ن کی حکومت کیخلاف کی جانیوالی سازشیں ناکام ہونگی حکومت اپنے انتخابی وعدے پورے کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہے ۔دریں اثناء آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے اراکان کا گرڈاسٹیشن پر حملہ اور غنڈگردی ایک سازش ہے اور اس کے خطرناک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں اور کی تمام تر ذمہ دار صوبائی حکومت اور پی ٹی آئی کی قیادت ہوگی، خیبر کے ممبران اسمبلی کی اکثریت بل ادا نہیں کرتے اور عوام کو بھی بل دینے کی ترغیب کی بجائے بجلی چوری پر اکسارہے ہیں جوکہ ایک گھنائونا جرم ہے اور یہی لوگ بجلی چوروں کی سرپرستی کرتے ہیں یہ سیاسی لوگ جتنا چاہئے احتجاج کریںانہیں بجلی اس وقت تک نہیں ملے گی جب تک وہ بلوں کی ادائیگی نہیں کرینگے ۔

ای پیپر-دی نیشن