کراچی : سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کا تبادلہ، 2 ملزم ہلاک، ایک گرفتار
کراچی+چمن (کرائم رپورٹر+نواے وقت رپورٹ) سائٹ میں پولیس کے ساتھ مقابلے میں لیاری گینگ وار میں ملوث کمانڈر ہلاک جبکہ کٹی پہاڑی میں سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ تبادلے میں مزم مارا گیا۔ سٹیل ٹائون میں پولیس نے مقابلہ کے بعد سٹریٹ کرائم میں ملوث ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ میں سی ٹی ڈی پولیس نے نورس چورنگی کے قریب گینگ وار ملزموں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو ملزمان نے فائرنگ شروع کردی جس کے جواب میں پولیس نے بھی فائرنگ کی اور فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم مارا گیا جبکہ دیگر ملزمان فرار ہوگئے۔ ملزم سہیل عرف ڈی سی 2007ء تک ایم کیو ایم میں شامل تھا اور2010ء میں لیاری گینگ وار کا حصہ بنا تھا۔ ادھر اسٹیل ٹائون پولیس کے ساتھ مقابلے میں ایک ملزم محمد رمضان زخمی ہوگیا جسے پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے مطابق ملزم رمضان لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث ہے۔ لیاقت آباد میں قبرستان سے نامعلوم شخص کی نعش کم از کم دس دن پرانی تھی اور بری طرح مسخ ہو چکی تھی جس کی وجہ سے فوری طور پر موت کی وجہ بھی معلوم نہیں ہوسکی ہے اور اس بارے میں تفتیش جاری ہے۔ دریںاثناء میرآباد پولیس نے کٹی پہاڑی کے قریب سرچ آپریشن کیا اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا۔ ایس پی اورنگی کے مطابق ملزم کی نعش نجی ہسپتال منتقل کر دی گئی۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت حمزہ کے نام سے ہوگئی ہلاک ملزم نے منگھو پیر میں دس روز پہلے 6 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا تھا۔ قبل ازیں چمن میں سکیورٹی فورسز نے چمن میں رحمان کہول روڈ پر جوائنٹ آپریشن کیا۔ سکیورٹی حکام کے مطابق آپریشن کے دوران مغوی تاجر حاجی محمد خان اچکزئی کوبازیاب کرا لیا گیا۔ مغوی تاجر کو 14 روز قبل چوغہ روڈ سے اغوا کیاگیا۔