اسلام آباد:حسین نواز کے پاس پیش ہونے کے سوا کوئی چارہ نہ تھا: تحریک انصاف
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہا کہ حسین نواز کا جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونا کوئی غیرمعمولی بات نہیں۔ جے آئی ٹی کو پہلے ہی اختیار دیا گیا تھا کہ وہ کسی کو بھی بلا سکتے ہیں۔ حسین نواز کے پاس پیش ہونے کے سوا کوئی اور راستہ نہیں تھا۔ فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان کی جدوجہد کے نتیجے میں پاکستان کا طاقتور ترین خاندان کٹہرے میں کھڑا ہے۔ نواز شریف کے وزیراعظم اور اسحاق ڈار کے وزیر ہوتے ہوئے جے آئی ٹی پر اعتراض تو ہمارا بنتا ہے۔ قوم دیکھے گی جلد نواز شریف بھی بطور ملزم جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گے۔ حسین نواز کو وکیل کے ساتھ پیش ہونے کی اجازت پر ہمارے وکیل کو بھی جانے دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم اور ان کی اولاد عام ملزمان کی طرح جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں۔ پروٹوکول اور وزراء کے ساتھ انہیں انکوائری کمشن کے سامنے آنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔