• news

برطانیہ: دہشت گردی کے خطرے کی سطح کم کر دی گئی‘ فوج آج واپس چلی جائے گی

لندن (اے پی پی+صباح نیوز+ نیٹ نیوز) برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے نے ملک بھر میں دہشت گردی کے خطرے کی سطح کو سنگین سے کم کر کے شدید کر دیا۔ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ پیر سے پولیس کی مدد کے لیے تعینات کی گئی فوج واپس بیرکوں میں چلی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے متعدد کارروائیوں کے بعد خطرہ کم ہو گیا ہے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ تحقیقات میں تیزی سے پیش رفت ہو رہی ہے۔ سینئر ترین انسداد دہشت گردی کے افسر مارک راؤلی نے کہا مانچسٹر حملے کے حوالے سے مزید گرفتاریاں کی جائیں گی۔ہمیں بم کی تیاری کے بارے میں مزید معلومات ملی ہیں اور ابھی مزید کام ہونا باقی ہے۔دوسری جانب مانچسٹر پولیس نے کنسرٹ حملے کے حملہ آور سلمان عبیدی کی نئی تصاویر جاری کی ہیں۔ تصاویر حملے سے کچھ دیر پہلے کی ہیں۔جاری کی گئی نئی تصاویر سی سی ٹی وی کیمروں سے حاصل کی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے حملے میں استعمال ہونے والا بم سٹی سینٹر کے ایک اپارٹمنٹ میں تیار کیا گیا تھا تاہم اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ آور اسی اپارٹمنٹ سے حملے کے لئے روانہ ہوا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن