آج شفافیت ہے‘ مشرف دور میں پنجاب کے حکمرانوں نے لوٹ مار کے ریکارڈ قائم کئے: شہباز شریف
لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں اندھیروں سے روشنیوں کی جانب سفر جاری ہے۔ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کی دوسری ٹربائن نے بھی بجلی کی پیداوار کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی طو رپر دوسری ٹربائن سے 137میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ چند روز بعد ساہیوال کول پاور پلانٹ سے مجموعی طورپر 1320میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی۔ ہماری حکومت نے منصوبوں میں رفتار، معیار اور شفافیت کے نئے کلچر کو فروغ دیا ہے۔ تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کے لئے اربوں روپے کے پروگرام پر عملدرآمد ہورہا ہے۔ میرٹ اور شفافیت ہماری حکومت کا سکہ رائج الوقت ہے۔ صوبے میں اساتذہ، پولیس اور دیگر محکموں میں بھرتیاں صرف اور صرف میرٹ پر ہورہی ہیں۔ ارکان اسمبلی عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور ان کے مسائل کے حل کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں۔ و زیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار ساہیوال ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات میں کیا۔ ارکان نے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ سے ریکارڈ مدت میں بجلی کی پیداوار پر شہبازشریف کو مبارکباد دی۔ شہبازشریف نے کہا کہ صوبے میں میرٹ کے کلچر کو فروغ دیا ہے-اقربا پروری، سفارش اور کرپشن کے بت پاش پاش کئے۔ زراعت کا فروغ بھی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لئے بھی بے مثال اقدامات کئے گئے ہیں۔ ماضی کے ادوار میں منصوبوں کی آڑ میں اربوں روپے کی کرپشن کی گئی اور ڈکٹیٹر مشرف کے دور حکومت میں پنجاب کے حکمرانوں نے لوٹ مار کے ریکارڈ قائم کئے- ماضی میں قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیا جبکہ آج شفافیت کا دور دورہ ہے اور وسائل دیانتداری سے صرف کئے جا رہے ہیں۔ منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل اور شفافیت پر ترقی مخالفین کو تکلیف ہو رہی ہے۔ ہمارا ہر قدم عوام کی فلاح کے لئے اٹھ رہا ہے۔ وزیراعلی نے پتوکی ٹال پلازہ پر ٹریفک کے مسئلے کے حل کے لئے فوری طو رپر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری تعمیرات ومواصلات اس ضمن میں خود پلان مرتب کر کے اس پر عملدرآمد کرائیں۔ کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو ہدایت دیتے ہوئے شہبازشریف نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو مقرر کردہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ، پھلوں اور سبزیوں کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ سستے رمضان بازاروں کے ساتھ عام مارکیٹوں اور بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کیلئے موثر اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں۔ سستے رمضان بازاروں کے ساتھ عام مارکیٹوں میں اشیائے ضروریہ کی وافر اور مقررہ نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانا متعلقہ محکموں اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے لہٰذا عوام کو حقیقی ریلیف کی فراہمی کیلئے متعلقہ محکمے اور انتظامیہ متحرک انداز میں فرائض سرانجام دے۔ وزیراعلیٰ نے عام مارکیٹوں اور بازاروں میں بھی معیاری اشیائے ضروریہ، پھلوں اورسبزیوں کی مناسب نرخوں پرفراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ رمضان بازاروں کیساتھ عام مارکیٹوں میںاشیائے خوردونوش کی قیمتوں، کوالٹی اور وافر سپلائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے مہنگے داموں اشیاء ضروریہ، پھل اورسبزیاں فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ مجھے اپنے عوام کا مفاد بے حد عزیز ہے اور منافع کے نام پرعوام کو لوٹنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور میں کسی صورت ناجائز منافع خور وں اور ذخیرہ اندوزوں کے گٹھ جوڑ کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا اور کسی قیمت پر اشیائے ضروریہ، پھلوں اور سبزیوں کے نرخوں میں اضافے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں کھیلوں کے فروغ کیلئے سپورٹس کمپلیکس کے قیام کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ اور قوم کا روشن مستقبل ہیں اور پنجاب حکومت نوجوانوں کو با اختیار بنانے کیلئے انقلابی پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ وزیراعلیٰ نے لاہور میں جدید سہولتوں سے آراستہ 12 جدید سپورٹس کمپلیکس بنانے کی منظوری دیدی۔