• news

نوجوان باکسرز کو تجربہ حاصل کرنے میںوقت لگے گا: خالد محمود

لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر خالد محمود نے کہاہے کہ اسلامک گیمز میں قومی باکسرز کا مقابلہ رینکنگ میں بہتر حریفوں سے تھا جس کے باعث وہ کوئی میڈل نہ جیت سکے، قوم آئندہ دو برس تک پاکستان کے کسی باکسر سے انٹرنیشنل میڈل کی امید نہ رکھے،پروفیسر انور چودھری کی وفات کے بعد انٹرنیشنل لیول پر ہماری پرفارمنس بھی متاثر ہوئی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میںاس وقت باکسنگ کے ٹیلنٹ کی کمی ہے ہم نوجوان باکسرز پر کام کررہے ہیں جنہیں تجربہ حاصل کرنے میں وقت لگے گا لہذا فی الحال ہمیںانٹرنیشنل لیول پر میڈل کی توقع نہیں کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ چند پاکستانی باکسرز نے اسلامک گیمز کے کوارٹر فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کی جہاں ان کا مقابلہ اپنے سے بہتر باکسرز سے تھا جس کے باعث وہ اگلے مرحلے تک رسائی حاصل نہ کرسکے۔ انہوں نے کہاکہ ورلڈ باکسنگ فیڈریشن کے سابق صدر پروفیسر انور چودھری کی وفات کے بعد پاکستان کا انٹرنیشنل لیول پر کردار ختم ہونے سے ہمیں خاصا نقصان پہنچا اور ہمارے انٹرنیشنل لیول پر میڈلز بھی کم ہوگئے تاہم اب ہم دوبارہ ایشیاء اور عالمی سطح پر اپنی پہچان بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن