مستقبل میں کرکٹ سے تعلق برقرار رکھوں گا: مصباح الحق
لاہور (سپورٹس ڈیسک) بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے والے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ وہ ریٹائرمنٹ کے باوجود مستقبل میں کسی نہ کسی صورت میں کرکٹ سے اپنا تعلق برقرار رکھیں گے اور یہ ممکن ہی نہیں کہ وہ اس کھیل سے اپنا تعلق ختم کر سکیں۔ مصباح الحق نے انٹرویو میں کہا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد وہ خود کو پرسکون محسوس کر رہے ہیں۔ مصباح الحق کے مطابق 'ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ سیریز جیتنے پر جس طرح میرے کریئر کا اختتام ہوا ہے اس کے بعد میں بڑی حد تک مطمئن ہوں میرا ارادہ ہے کہ پاکستان سپر لیگ تک کھیلوں، اس کے بعد کھیلنا چھوڑ دوں گا۔ پھر سوچوں گا کہ میرا تجربہ کس طرح ملک کے کام آ سکتا ہے۔ چاہے پاکستان کرکٹ بورڈ میں آؤں یا نہیں لیکن کوشش یہی ہوگی کہ ضلع ریجن یا ڈپارٹمنٹ، کہیں بھی کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کر کے مجھے خوشی ہوگی۔مصباح الحق کا کہنا ہے کہ اگر وہ آسٹریلوی دورے میں کامیاب ہوجاتے تب بھی ویسٹ انڈیز میں ان کی سیریز آخری ہوتی۔ میں نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ بہت پہلے ہی کر لیا تھا۔ میں انگلینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی سیریز کے بعد ریٹائر ہونا چاہتا تھا لیکن کہا گیا کہ انگلینڈ کے اگلے دورے میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی ضرورت ہوگی لہذٰا فیصلہ واپس لیا۔ پھر میں نے دیکھا کہ آسٹریلیا نیوزی لینڈ کے بعد فوری طور پر ویسٹ انڈیز کا دورہ ہے جس پر میں نے اس دورے تک کھیلنے کا ارادہ کر لیا تھا۔ پہلی بار ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ سیریز جیتنے کی خواہش بھی میرے دل میں تھی۔ ایسا نہیں ہے کہ اگر آسٹریلیا میں کامیاب ہو جاتا تو کھیلتا رہتا۔ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز جیتنے کے باوجود ان پر بہت زیادہ تنقید کی گئی جس کی کوئی خاص وجہ انہیں سمجھ میں نہیں آتی لیکن انہوں نے اس کا جواب ہمیشہ اپنی کارکردگی سے دینے کی کوشش کی۔ مصباح الحق کہتے ہیں کہ ان کا کھیلنے کا انداز ہمیشہ مار دھاڑ والا رہا لیکن پاکستانی ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالنے کے لیے اسے تبدیل کرنا پڑا۔