اگست تک ریفنڈز کی ادائیگی کا فیصلہ خوش آئند ہے: پیاف
لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) نے وزیر خزانہ کی جانب سے 2017-18 کے بجٹ میں تاجروں ، ایکسپورٹرز اور صنعت کاروں کے لئے14 اگست2017 تک تمام سیلز ٹیکس ریفنڈ جاری کرنے کے حکومتی فیصلے کو سراہا ہے اور معیشت کے لئے ایک درست قدم قرار دیا ہے ۔ وزیر اعظم کا ریفنڈز کے ایشوز پر ذاتی دلچسپی لینا او ر اگست تک ریفنڈز کی ادائیگی کا ٖفیصلہ کرنا خوش آئند ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ اس فیصلے پرحقیقی معنوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے ۔انڈسٹری ریفنڈز کی عدم ادائیگی کے باعث تاریخ کے بد ترین بحران کا شکار ہے۔ چئیرمین عرفان اقبال شیخ نے گزشتہ روز سیئنر وائس چیئرمین تنویر احمد صوفی اور وائس چیئرمین خواجہ شاہ زیب کے ہمراہ ایک بیان میں کہا ہے کہ سیلز ٹیکس ریفنڈز کی جلد ادائیگیوں سے برآمدی صنعتوں کو اضافی سرمایہ ملے گا جس سے مالی مسائل کافی حد تک کم ہو جائیں گے۔عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے 200 سے 250 ارب روپے کے ریفنڈز رکے ہوئے ہیں۔