• news

وسط ایشیائی ریاستیں سی پیک میں شرکت کیلئے تڑپ رہی ہیں: سعد رفیق

لاہور ( این این آئی) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سی پیک لانگ ٹرم جغرافیائی شراکت داری کا منصوبہ ہے، وسط ایشیائی ریاستیں اس میں شرکت کے لئے تڑپ رہی ہیں لیکن جلن اور حسد کے شکاربھارت نے سی پیک میں شمولیت نہ کر کے موقع ضائع کر دیا ، پاکستان کو سی پیک کا ایک بڑا موقع ملاہے جسے کسی صورت میں ضائع نہیں کیا جائے گااسے متنازعہ بنانے کی کوششیں نہیں کرنی چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی میں’’ سی پیک کے تنا ظر میں پاکستان ریلویز کا مستقبل‘‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر یوایم ٹی کے ریکٹرحسن صہیب مراد سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جب مسلم لیگ (ن) نے اقتدار سنبھالا تو ریلوے بحالی کی امید نہ ہونے کے برابر تھی، ہمیں اقتدار میں آنے کے بعد ادارے کی بحالی کے لئے کڑوے فیصلے کرنے پڑے اور کئے، 4سال میں ریلوے کے لئے ایک بھی بیل آئوٹ پیکیج نہیں لیا ہمارے آنے سے پہلے ایک دن کا ڈیزل سٹور میں موجود تھا جبکہ اب 20دن کا ڈیزل سٹور میں موجود ہے جسے 30دن تک لے کر جائیں گے۔ ون بیلٹ ون روٹ میں 65ممالک کی شرکت اس منصوبے کی کامیابی کا ثبوت ہے، سی پیک کو متنازعہ بنانے کی کوششیں نہیں کرنی چاہئیں۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ چاروں وزراء اعلی کا چین جا نے سے چین سمیت دنیا کو ایک مثبت اشارہ ملا ، سی پیک ایک ایسا منصوبہ ہے جس سے پاکستان اور چین کا مستقبل وابستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ موٹروے، ریلوے کی اپ گریڈیشن ،گوادر بند رگاہ، حویلیاں ڈرائی پورٹ اور توانائی کے منصوبے سی پیک میںشامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن