بدین میں جبری گمشدگیاں قابل مذمت ہیں: ایچ آر سی
لاہور(لیڈی رپورٹر)پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق نے ہفتہ اور اتوار ضلع بدین میں چار سیاسی کارکنوں کی مبینہ جبری گمشدگی کی مذمت کی ہے۔ کمیشن نے کہاہے کہ ضلع بدین کے چار مختلف دیہاتوں میں تقریباً ایک ہی وقت میں چار سیاسی کارکنوں کو اغواءکیا گیا جس پر ایچ آر سی پی کو شدید تشویش ہے۔ جبری گمشدگی کا شکار ہونے والوں کے نام رضا جروار، علی احمد بگھیو، شادی خان سومرو اور عبدالعزیز گُرگیز ہیں۔ کارکنوں کی سیاسی وابستگی اور شناخت کی بنیاد پر ان کے خلاف کارروائی کرنا جمہوریت کی روح کے منافی ہے۔”ایچ آر سی پی کا مطالبہ ہے کہ مغویوں کی فوری اور بحفاظت بازیابی کو یقینی بنایا جائے۔