• news

ایمبولینس بلانے کا مقصد افراتفری پیدا کرنا تھا، عمران چاہتے ہیں خود بری ہوجائیں شریف فیملی کوسزا ملے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی + صباح نیوز + نوائے وقت رپورٹ) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ دس سال کا ریکارڈ پیش نہ کرنے والے شریف فیملی سے 30سال پرانا ریکارڈ مانگتے ہیں۔ وزیراعظم کے بیٹوں کا کاروبار باہر ہونے کے باوجود بھی جواب طلب کیا جا رہا ہے دو ارکان پر حسین نواز کے اعتراضات کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے حسین نواز نے مقررہ وقت میں تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہو کر جواب ریکارڈ کرایا، چاہتے ہیں کہ شریف فیملی پر لگے جھوٹے الزامات مسترد ہوں۔ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف ملک کے تیسری دفعہ منتخب وزیراعظم ہیں استثنیٰ کے باوجود وزیراعظم نے خود کو احتساب کے لئے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ حسین نواز کا تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہونا آئینی بالادستی کا ثبوت ہے۔ دریں اثناء سرگودھا پریس کلب کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں خوشحالی، معاشی انقلاب لانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی لیکن بعض عناصر جھوٹ کی سیاست اختیار کر کے عوام کی خوشحالی کی راہ میں روڑے اٹکا رہے ہیں۔ ایسے عناصر کو قوم پہچان گئی ہے۔ آئندہ عام انتخابات میں نواز شریف اور ان کی پارٹی پہلے سے زیادہ سیٹیں حاصل کرے گی۔ وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایمبولینس بلانے کا مقصد افراتفری پیدا کرنا تھا۔ سپریم کورٹ اخباری رپورٹس کا نوٹس لے۔

ای پیپر-دی نیشن