بدترین لوڈشیڈنگ‘ پنجاب‘ سندھ کے کئی شہروں میں مظاہرے‘ کے الیکٹرک دفتر پر حملہ
اسلام آباد+ جامشورو+ کراچی+ پشاور +حیدر آباد+خضدار+حافظ آباد +ساہیوال (نامہ نگاران+نمائندہ نوائے وقت+نوائے وقت رپورٹ +سٹاف رپورٹر+کرائم رپورٹر+وقائع نگار) وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کو خصوصی ہدایت کی ہے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے تاکہ عوام کو ماہ رمضان میں مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کی خصوصی کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس دوسرے روز بھی جاری رہا جس میں وزیراعظم نے کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیا اور ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کو ہدایت کی کراچی سمیت ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ ختم کیا جائے اور اس حوالے سے فوری طور پر اقدامات بروئے کار لائے جائیں اور خصوصی طور پر کراچی ملک کا معاشی حب ہے اسے متبادل ذرائع سے بجلی فراہم کی جائے اور وزارت پٹرولیم کو بھی ہدایت کی کہ وہ بجلی انتظامات کو موثر بنائیں۔ خواجہ آصف نے وزیر اعظم کو آگاہ کیا انہوں نے گزشتہ روز وزیر اعلی سندھ مراد شاہ سے رابطہ کر کے انہیں کراچی میں لوڈشیڈنگ کے حوالے سے آگاہ کیا تھا اور انہیں یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ آئندہ کراچی میں ایسی بدترین لوڈشیدنگ نہیں کی جائے گی۔ خواجہ آصف نے کمیٹی کو بتایا کہ اس وقت ملک بھر میں بجلی کی طلب 22550 میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے اور شارٹ فال 5430 میگاواٹ تک پہنچ چکا ہے اس وقت دیہات میں 12 سے 14 گھنٹے اور شہروں میں 8 سے 10 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا بجلی کی پیداوار اور طلب کا درست تخمینہ لگایا جائے۔ گردشی قرضوں کے لئے درست تخمینہ لگایا جائے عوام کی مشکلات کسی صورت بڑھنی نہیں چاہئیں۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہا ہے کہ کے الیکٹرک کے معاملات کافی خراب ہو چکے ہیں ۔ بجلی کی بندش کے خلاف وفاقی کو کئی بار تحریری طور پر کہہ چکا ہوں، اب اگر عوام سڑکوں پر آ رہی ہے تو یہ ان کا حق ہے۔ کراچی میں سندھ گورنمنٹ ہسپتال کورنگی میں80بستروں کے چلڈرن ایمرجنسی وارڈ کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پر کام کر رہے ہیں۔ دسمبر تک مزید دو سینٹرز کھول لئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے ہسپتال کے میڈیکل سٹورز کا دورہ کیا اور ادویات کی دستیابی سے متعلق معلومات بھی لیں۔ کراچی میں غیر اعلانیہ بجلی کی بندش پرو وزیر اعلیٰ سندھ بھی کے الیکٹرک پر برس پڑے، کہا کہ وفاق اور کے الیکٹر ک کو رمضان المبارک سے قبل بجلی کے صورتحال بہتر کرنے کا کہا تھا ور اس معاملے پر متعدد بار تحریری طور پر بھی واضح کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاق نے صوبے سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے جس کے لئے پیپلز پارٹی نے پورے سندھ میں دھرنے دیئے ان اگر لوگ احتجاج کر رہے ہیں تو یہ ان کا حق ہے ۔ پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ عوام کے لئے عذاب بن گئی ہے، مسلم لیگ (ن) راجا پرویز مشرف سے معافی مانگے ، ن لیگ روڑے نہ اٹکاتی تو آج لوڈ شیڈنگ نہ ہوتی ، وزیر اعظم اور وزراء جھوٹ بول رہے ہیں ۔بجلی کی غیراعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ پر سندھ کے کئی شہروں میں شہریوں نے حیسکو کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے۔ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کا رونا اب پرانا ہو گیا، وفاقی وزیر پانی، بجلی خواجہ آصف استعفیٰ دیں، جگتیں لگانے سے بجلی پیدا نہیں ہوتی۔ فیصل سبزواری یہ بھی کہتے ہیں کہ اگر کراچی والوں کو ریلیف نہ ملا تو کے الیکٹرک کے دفتر جا کر احتجاج کریں گے۔ اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے بھی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی پر وار کیے اور کہا کہ عابد شیر علی منہ سے جتنی بجلی پیدا کر رہے ہیں اس سے ملک کو نقصان ہو ر ہا ہے۔ مظاہرین نے میرپور خاص میں حیسکو کے شکایتی مرکز کو آگ لگا دی۔ جامشورو میں تھرمل پاور ہائوس کی رہائشی کالونی کے مکینوں نے بجلی کی طویل بندش کے خلاف احتجاج کیا اور حیسکو حکام کے خلاف نعرے لگائے گئے اور ٹائر جلائے تاہم پولیس نے لاٹھی چارج کرکے مظاہرین کو منتشر کردیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی کی پیداوار کرنے والوں کی کالونی کو ہی بجلی کی سہولت سے محروم رکھا جارہا ہے۔ میرپورخاص میں بھی بجلی کی غیراعلانیہ معطلی کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ ٹنڈو الہ یار میں بھی لوڈشیڈنگ سے تنگ شہریوں نے واپڈا آفس کے سامنے احتجاج کیا۔ مشتعل افراد نے ٹائر جلا کر میرپور خاص حیدرآباد روڈ بلاک کردی اور گرڈ سٹیشن کے سامنے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ادھر تیسری سحری پر کراچی میں پھر بجلی کا بریک ڈاؤن ،بن قاسم بجلی گھر سے آنے والی ایکسٹرا ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کر گئی۔ بجلی کی عدم فراہمی کے باعث کراچی کے عوام سراپا احتجاج بن گئے۔ رواں مہینے کراچی میں 12ویں مرتبہ بجلی کا بڑا بریک ڈاون ہوا، جس کے باعث متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔ شہریوں نے اندھیرے میں سحری کی۔ کے الیکٹرک کے مطابق بن قاسم بجلی گھر سے آنے والی ایکسٹرا ہائی ٹینشن لائن میں فنی خرابی کے باعث رات گئے 15 سے زائدگرڈ سٹیشن ٹرپ کرگئے۔ سندھ ہائی کورٹ نے غیر اعلانیہ اور غیر مساوی لوڈ شیڈنگ پر نیپرا کو کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ نے گزشتہ روز غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر کے الیکٹرک کے خلاف متفرق درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جو گزشتہ روز سنادیا گیا۔ عدالت نے فیصلے میں کہا کہ نیپرا نے 22 جنوری 2016 کوعلاقوں کی سطح پر(ایریا وائز) لوڈ شیڈنگ کو غیرقانونی قراردیا تھا، کے الیکٹرک نیپرا کے اس حکم پر فوری عمل کرے۔عدالت عالیہ نے نیپرا کو کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نیپرا کے الیکٹرک کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرسکتی ہے۔ کے الیکٹرک ، نے کراچی میں لوڈ شیڈنگ کا پھر ایک نیا بہانہ تراش لیا۔ لوڈ شیڈنگ کا جواز دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے سے لائنیں ٹرپ کر رہی ہیں ۔ کے الیکٹرک کی طرف سے کوئی پلانٹ بند نہیں کیا گیا۔ سمبڑیال سے نامہ نگار کے مطابق رمضان المبارک میں سحرو افطار کے اوقات لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے حکومتی احکامات کے باوجود شدید گرمی میں سمبڑیال و گردو ن واح میں بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ بندش سے شہری سراپا ء احتجاج ، نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔ بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ16گھنٹے سے بھی تجاوز کر گیا ایک گھنٹہ آتی ہے تو متواتر چار چار گھنٹے غائب رہتی ہے جبکہ سحری اور افطاری کے اوقات سوئی گیس کی بندش سے سحری اور افطاری کے انتظامات کرنا بھی مشکل ہو گیا۔ نامہ نگار کے مطابق جلالپور جٹاں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے لوگ بلبلا اٹھے۔ گرمی کی شدت ، روزہ کی حالت اور تراویح کے وقت بجلی کی بندش نے نڈھال کر دیا ہے کم از کم6گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ نامہ نگار کے مطابق گجرات میں رمضان المبارک میں سحری افطاری اور تراویح کے وقت بجلی کی بندش نے نڈھال کر دیا ہے کم از کم 6گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ نامہ نگار کے مطابق گجرات میں رمضان المبارک میں سحری افطاری اور تراویح کے دوران بھی بجلی بندش کا سلسلہ جاری دن کے اوقات میں روزہ داروں کو تڑپا دینے والا لوڈ شیڈنگ کا شیڈول حکمرانوں کے تمام تر دعوے ٹھس ہو گئے۔ گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بجلی بھی غائب کر دی جاتی ہے دن بھر صرف6سے 8گھنٹے بجلی دی جاتی ہے۔ نامہ نگار کا کہنا ہے کہ دیپالپور میں روزہ افطاری سے قبل اور افطاری کے بعد سوئی گیس کی مسلسل 3گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے روزہ دار اور عوام شدید سراپا احتجاج ہیں۔ماہ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی سوئی نادرن گیس نے سحر و افطار کے وقت پریشر انتہائی کم کر دیا ہے جس سے خواتین کو کھانا بنانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔نمائندہ نوائے وقت حافظ آباد کے مطابق شہر میں گزشتہ تین چار روز سے سوئی گیس غائب رہنے اور بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا۔نامہ نگار ساہیوال کے مطابق غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے عوام کا برا حال ہو گیا مسلسل3,2,2تین گھنٹے بجلی کی بندش سے روزداروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ خضدار میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف جھالاوان سوشل فورم کے زیر اہتمام رات گئے قومی شاہراہ پر دھرنا ،اور مظاہرہ ، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھار کھے تھے جن پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور کیسکو کے رویہ کے خلاف نعرے درج تھے ۔جھالاوان سوشل فورم کے زیر اہتمام دھرنے میں شہر بھر سے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،جن میں سیاسی رہنماء اور کارکنان ، سوشل ورکرز ، طلباء ، اساتذہ اور دیگر طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔مظاہرین کی قیادت جھالاوان سوشل فورم کے نمائندہ سمیع رئوف بلوچ کررہے تھے ۔ بی این پی کے رہنماء سردار بلند خان غلامانی ،سفر خان مینگل ، جمعیت علمائے اسلا م کے رہنماء میر ریاض احمد قلندرانی ،نیشنل پارٹی کے رہنماء ناصر کمال مینگل، تاجر رہنماء حاجی محمد اقبال لانگو ، ڈائریکٹر آکسفورڈخلیل احمد بلوچ رئیس تنویر احمد کرد ،سعداللہ مینگل و دیگر نے دھرنا دینے والے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خضدار بلوچستان کا دوسرابڑا شہر ہے لیکن یہ کئی عرصہ سے بجلی کی نعمت سے محروم ہے اب رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں بھی بجلی فراہم نہیں کی جارہی ہے محض چند گھنٹے بجلی فراہم کی جاتی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوکر رہ گئی ہے۔ گورنر خیبر پی کے انجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے صوبے میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر پیسکو چیف سمیت متعلقہ حکام کو گورنر ہائوس پشاور طلب کر لیا اور انہیں سختی سے ہدایت کی کہ لوڈ شیڈنگ کم ترین سطح پر لائی جائے۔ گورنر انجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے پیسکو حکام پر واضح کیا کہ رمضان میں عوام کی مشکلات برداشت نہیں کی جائیں گی۔لوڈ شیڈنگ اور درگنی میں نہتے عوام پر لیوی کی فائرنگ کے خلاف جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مشتاق احمد خان کی اپیل پر ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ جن پر واپڈا اور حکام کیخلاف نعرے درج تھے ۔اس سلسلے میں سب سے بڑا احتجاج مظاہرہ درگئی باز ارملا کنڈ میں کیا گیا۔ جماعت اسلامی ضلع ملا کنڈ کے زیر اہتمام درگئی بازار میں سانحہ در گئی کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر احتجاجی ریلی نکالی گئی جو بعد ازاں جلسہ کی شکل اختیار کر گئی۔ ریلی کی قیادت جماعت اسلامی ضلع ملا کنڈ کے امیر مولانا جمال الدین، تحصیل در گئی امیر مولانا محمد طیب، تحصیل کونسلر رشید احمد قاضی، ضلع صدر جے آئی یوتھ ملا کنڈ جاسم علی ایڈوکیٹ ، جماعت اسلامی یو سی ور تیر کے ناظم محمد ابراہیم خان جامعہ رحمانیہ کے مہتمم مولانا عطاء الرحمان اور دیگر قائدین کر رہے تھے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے ۔ ریلی کے دوران ضلع انتظامیہ اور حکام کے خلاف کل درگئی میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف مظاہرین پر شدید فائرنگ اور2افراد کے جاں بحق ہونے کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ دوسری طرف کراچی میں بجلی کی بندش کے خلاف رات گئے احتجاج پورے شہر میں پھیل گیا۔ اس دوران گاڑیوں اور پولیس پر پتھرائو کیا گیا جس سے ایس ایچ او لیاقت آباد بھی زخمی ہوگئے۔دوسری طرف لاہور میں رات گئے آندھی کے باعث متعدد فیڈرز ٹرپ کرگئے جس سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ آندھی سے گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارروال میں بھی فیڈرز ٹرپ کرنے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔