• news

ردالفساد: شمالی اور جنوبی وزیرستان سے بڑی تعداد میں اسلحہ،گولہ بارود برآمد

اسلام آباد/ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگاروں سے) آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفساد کے تحت جنوبی و شمالی وزیرستان کے علاقوں میں کارروائیوں میں بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا سوات کے علاقوں مٹہ، بٹ گرام، نہاگ درہ میں بھی کارروائیاں کی گئیں، برآمد اسلحہ میں ایس ایم جیز، طیارہ شکن گنز، بارودی سرنگیں، ڈیٹونیٹرز، پستول، رائفلیں، دھماکہ خیز مواد شامل ہے۔ میانوالی سے نامہ نگار کے مطابق تھانہ داود خیل، موسیٰ خیل، پپلاں، سٹی، چاپری اور عیسیٰ خیل کے مضافاتی علاقوں میں پولیس نے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر سرچ آپریشن کیا۔ دوران سرچ آپریشن تعلیمی و دینی مدارس، مکین افرا د کے گھروں اور پشتون خیمہ بستیوں کو چیک کیا، تھانہ پپلاں پولیس نے 250 گھروں کو چیک 260 افراد کی بائیومیٹرک تصدیق کی ‘110 مشتبہ افراد کو زیر حراست لیا جن کی تفتیش جاری ہے۔ تھانہ صدر پولیس کے مطابق پولیس نے 67 مشکوک افراد کو حراست میں لیا۔ سی ٹی ڈی نے گوجرانوالہ میں کارروائی کے دوران دو دہشت گرد گرفتار کر لئے ترجمان کے مطابق دہشت گردوں سے بارودی مواد، دو ڈیٹونیٹرز اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے دہشت گردوں کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن