• news

این ایف سی ایوارڈ کے بغیر بجٹ حکومتی ناکامی ہے: سراج الحق

اسلا م آباد (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) چاہتی ہے کہ مرضی کی جے آئی ٹی ہو اور ان کی مرضی کے فیصلے ہوں‘ لیکن اب ایسا نہیں چلے گا۔ این ایف سی ایوارڈ کے بغیر بجٹ دینا حکومتی ناکامی ہے۔ سپریم کورٹ کرپشن کے خاتمے کیلئے مرکزی کردار ادا کرے گی۔ وہ منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوںسے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں وزیراعظم کا بیٹا عدالت میں پیش ہو جائے تو حیرانگی کا اظہار کیا جاتا ہے حالانکہ مسلمانوں کے خلیفہ عدالتوں میں پیش ہوتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے سپریم کورٹ کرپشن کے خاتمے کیلئے مرکزی کردار ادا کرے گی۔ لوڈشیڈنگ کا عذاب حکومتی نااہلی کی وجہ سے ہے۔ رمضان المبارک میں بھی طویل لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ دریں اثنا سراج الحق کی طرف سے اسلام آباد میں مختلف ملکوں کے سفیروں اور اہم سیاسی شخصیات کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ افطار ڈنر میں ترکی کے سفیر صادق بابرگرگن‘ قطرکے سفیر سکر بن مبارک المری‘ افغانستان کے سفیر ڈاکٹر حضرت عمر زخیلوال‘ ازبکستان‘ سعودی عرب‘ ملائشیا‘ یمن‘ ڈنمارک‘ ترکمانستان‘ فلسطین‘ جاپان‘ ایران کے نائب سفیروں‘ اردن‘ مصر اور عراق کے سکالرز نے شرکت کی جبکہ چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی‘ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری‘ شیخ رشید احمد‘ سینیٹر مشاہد حسین سید‘ چودھری شجاعت حسین‘ لیاقت بلوچ‘ عبدالغفار عزیز‘ صاحبزادہ طارق اللہ‘ سینیٹر کامل علی آغا‘ سینیٹر اعظم سواتی‘ سینیٹر رحمن ملک‘ سینیٹر تاج حیدر‘ سینیٹر بیرسٹر سیف‘ سینیٹر طلحہ محمود‘ حریت رہنما غلام محمد صفی‘ سینیٹر جہانزیب جمالدینی‘ عائشہ سید‘ صاحبزادہ یعقوب‘ شاہ جی گل آفریدی‘ عبدالرحیم نقشبندی‘ ادارہ فکر و عمل کے ڈائریکٹر جنرل آصف لقمان قاضی سمیت مختلف سیاسی رہنمائوں نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن