پشاور: گلبدین حکمت یار کا ساتھی قتل: افغانستان میں فائرنگ‘ فضائی حملہ‘ ضلعی گورنر بیٹے سمیت9 مارے گئے
پشاور (بیورو رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) افغانستان کے سابق جنگجو رہنما گلبدین حکمت یار کے قریبی ساتھی حاجی نقیب احمد فرید عرف استاد فرید کو پشتہ خرہ کے علاقے تاج آباد میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ حاجی نقیب اللہ تاج آباد کے علاقے نجیب کالونی میں فجر کی نماز ادا کرنے کے بعد مسجد سے باہر آرہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ظاہری طور پر ٹارگٹ کلنگ کا معلوم ہوتا ہے۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں سپردخا ک کردیا گیا۔ مقتول نقیب اللہ افغان شہری اور حال ہی میں پاکستان آئے تھے۔ واضح رہے کہ ایک مہینے میں پشاور میں یہ دوسرے اہم افغان رہنما ہیں جنہیں قتل کیا گیا۔ ادھر پولیس نے مقتول کے بیٹے عبد اللہ کی مدعیت میں نامعلوم ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ مقتول کاشمارحزب اسلامی افغاستان کے سرکردہ رہنمائوںمیں ہوتا تھا اور انجینئر گلبدین حکمت یارکے قریبی ساتھی اوربڑے بیٹے صلاح الدین کے سسربھی تھے۔ صوبے پکتیکا میں نامعلوم مسلح افراد نے ڈسٹرکٹ گورنر اور ان کے بیٹے کو قتل کردیا۔ پولیس کے عہدیدار عبدالروف مسعود کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ گورنراجمل خان کو ضلع شکیل آباد میں واقع ان کے گھر کے باہر نشانہ بنایا گیا۔ قندوز میں طالبان کی ایک خفیہ پناہ گاہ پر فضائی حملہ میں ایک سینئر کمانڈر ملا اسماعیل سمیت سات جنگجو ہلاک ہوگئے۔