• news

مودی‘ انجیلا مرکل مذاکرات‘ دہشت گردی کے حمایتی ممالک کے خلاف سخت اقدامات کریں گے: جرمنی ‘ بھارت

برلن (نیوز ڈیسک) بھارت اور جرمنی نے عزم ظاہر کیا ہے کہ دہشت گردی کی حمایت‘ حوصلہ افزائی اور مالی مدد کرنے والے ممالک کے خلاف مل کر سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے اور ایٹمی عدم پھیلائو کیلئے عالمی سطح پر جاری کوششوں کو تقویت دی جائے گی۔ اس امر کا اظہار بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے دورہ جرمنی کے دوران مذاکرات کے بعد چانسلر انجیلا مرکل کے ساتھ مشترکہ پریس بریفنگ میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیوکلیئر سپلائرز گروپ این ایس جی میں بھارتی شمولیت کی حمایت کرنے پر وہ اور بھارت کے عوام جرمنی کے مشکور ہیں۔ دونوں ممالک نے سلامتی کونسل میں اصلاحات اور مستقل رکنیت کیلئے ایک دوسرے کے امیدواروں کی حمایت بھی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور جرمنی ایک دوسرے کیلئے بنے ہیں۔ دونوں ممالک کا تجارتی توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون فروغ پا رہا ہے۔ واضح رہے کہ نریندر مودی اور انجیلا مرکل نے مذاکرات کے دوران سکیورٹی‘ سائبر پالیسی‘ شہری ترقی‘ سکل ڈویلپمنٹ سمیت مختلف شعبوں میں مفاہمت کی 12 یادداشتوں پر دستخط کئے۔ بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ بھارت اور جرمنی دہشت گردی اور دہشت گردانہ واقعات جس شکل اور مقصد کیلئے ہوں‘ کی مذمت کرتے ہیں اور جو ممالک دہشت گردوں کو پناہ گاہیں فراہم کرتے ہیں‘ ان کی حوصلہ افزائی اور مالی مدد کرتے ہیں‘ ان کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھائے جانے کی ضرورت ہے۔ اس حوالے سے مشترکہ ورکنگ گروپ کے اجلاس باقاعدگی سے بلا کر دہشت گردی کے خلاف اقدامات تجویز کئے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن