• news

مقبوضہ کشمیر: شہادتوں کے خلاف تیسرے روز بھی ہڑتال‘ جھڑپیں‘28 زخمی

سری نگر(نیٹ نیوز+ ایجنسیاں) حزب المجاہدین کے کمانڈر سبزار بھٹ سمیت 13 کشمیریوں کی شہادت کیخلاف منگل کے روز بھی مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال سے کاروبار زندگی معطل ہو کررہ گیا۔ کرفیو کی پابندیوں کی وجہ سے شہریوں کی نقل وحرکت محدود کر دی گئی۔ بھارتی فورسز نے طاقت کا استعمال کرکے ترال چلو مارچ روک دیا۔ اس دوران بھارتی فورسز سے جھڑپوں میں28 شہری زخمی ہو گئے۔ سرینگر جموں شاہراہ پر پانپور سے قاضی گنڈ تک شاہراہ کے دونوں کناروں پر فوجی پہرہ بٹھایا گیا تھا۔ سرینگر سمیت وادی کے تمام باقی 9اضلاع کے قصبوں اور دیگر علاقوں میںکاروباری مراکز بند رہے جبکہ سرینگر کو مختلف اضلاع سے ملانے والی شاہراہوں کے ساتھ ساتھ رابطہ سڑکوں پر بھی ٹریفک غائب رہی۔ ہڑتال اور ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر بارہ مولہ۔ بانہال ریل سروس بھی معطل رکھی گئی۔ ہڑتال کے باعث وادی کشمیر میں سڑکیں اور بازار سنسان نظر آئے۔ وادی کشمیر کی تمام عدالتوں میں بھی معمول کا کام کاج متاثر رہا جبکہ بیشتر سرکاری دفاتر بھی بند رہے۔گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کے الزام میںپٹن سے 15نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا۔ وادی میں سکول اور کالج بند رہے۔ سری نگر شہر کے نواحی علاقے صراف کدل میں بھارتی فورسز نے شہریوں کے مسجد میں نماز کی ادائیگی پر پابندی لگا دی ہے۔ بھارتی اپوزیشن جماعتوں نے بھی بھارتی فوجی سربراہ جنرل بپن راوت کی طرف سے کشمیری نوجوان کو انسانی ڈھال بنانے والے بھارتی فوج کے میجر کی تعریف پر شدید تنقیدکرتے ہوئے کہا تھا فوجی سربراہ کو داخلی صورتحال پر سیاسی بیان بازی سے گریز کرنا چاہیے۔ سی پی آئی کے رہنما ڈی راجا نے کہا انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ فوج سربراہ سیاسی تنازع کا موضوع بن گئے ہیں۔ سی پی آئی ایم رہنما محمد سلیم نے کہا بچپن سے اس قسم کی زبان فوج کے ذریعے نہیں سنی آرمی چیف نے جس زبان کا استعمال کیا وہ وضاحت طلب ہے۔ جنتادل یونائیٹڈکے رہنما کے سی تیاگی نے کہا جنرل راوت داخلی معاملات پر سیاسی بیان بازی سے پرہیز کریں۔ پاکستان نے بھارتی آرمی چیف کے کشمیریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کا دفاع کرنے کو شرمناک قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے بھارتی آرمی چیف کے عمل کو مجرمانہ قیادت قرار دیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر تحریک شروع ہو چکی ہے۔ کشمیری طلباء وطالبات کے احتجاج نے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا۔ انہوں نے کہا کہ کرنل (ر) حبیب سے متعلق معلومات کو مد نظر رکھتے ہوئے بھارتی حکومت سے رابطہ کیا ہے۔ کرنل (ر) حبیب کی بازیابی کے حوالے سے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ پاکستان نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی توجہ مبذول کرائی ہے۔ اور بھارت سے کہا ہے کہ کرنل (ر) حبیب سے متعلق معاونت کرے، بھارت کی طرف سے ابھی جواب نہیں آیا۔

ای پیپر-دی نیشن