لائن مین ہلاک‘ معطل ذمہ دار افسروں کا ساتھیوں سمیت دھرنا‘ ایک روز بعد بحال
لاہور (نیوز رپورٹر) لیسکو انجیئنرز ایسوسی ایشن کے احتجاج کی دھمکی کے آگے چیف ایگزیکٹو لیسکو بے بس‘ شیخوپورہ میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والے لائن مین کی غفلت کے مبینہ 5 ذمہ دار افسران و اہلکار کو ایک روز بعد ہی بحال کر دیا۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو سید واجد علی کاظمی نے شیخوپورہ میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والے لائن مین کا نوٹس لیتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ انجینئر (ایس ای) شیخوپورہ لطیف مغل‘ ایکسئن شیخوپورہ اعجاز احمد بھٹی‘ ایس ڈی او سلمان مجید‘ لائن سپرنٹنڈنٹ فیصل امین اور اے ایل ایم کبیر منج کو معطل کر دیا تھا۔ 27 مئی بروز ہفتہ کو معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ جس کے بعد پیر کو لیسکو انجینئرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے چیف ایگزیکٹو لیسکو (ہیڈ آفس) دفتر 474 فلور پر دھرنا دیا۔ جس کے بعد چیف ایگزیکٹو نے ہتھیار ڈال دئیے اور معطل افسران کو بحال کر دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ایشو پر چیف ایگزیکٹو لیسکو کی بے بسی اور لیسکو انجینئرز ایسوسی ایشن کی کامیابی پر کئی سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ اس وقت صارفین کے حقوق کیلئے کوئی بھی ایسوسی ایشن یا یونین نہیں جو آواز اٹھا سکے۔ جبکہ افسروں اور ملازمین کے تحفظ کے لئے ایسوسی ایشنز موجود ہیں۔