گاڑی کو ٹکر‘ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر شیریں مزاری کا گورنر خیبر پی کے اقبال ظفر سے جھگڑا
اسلام آباد(صباح نیوز)گاڑی کو ٹکر مارنے پر تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری اور گورنر خیبر پی کے اقبال ظفر جھگڑا میں تلخ کلامی ہوگئی۔ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر اس وقت کشیدہ صورت حال پیدا ہوگئی جب درجنوں کیمروں کے سامنے شیریں مزاری جارحانہ انداز میں گورنر خیبر پی کے ظفر اقبال جھگڑا میں تلخ کلامی ہوگئی۔ شیریں مزاری نے ظفر اقبال جھگڑا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی پروٹوکول گاڑی میری گاڑی کو ٹکر مار کر بھاگ گئی اور اس پر نمبر پلیٹ بھی نہیں تھی۔ اپنے لوگوں کو تمیز سکھائیں۔ یہ بہت غلط بات اور بدتمیزی ہے۔ گورنر ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ کسی کو بھی مار دیں۔ پہلے تو ظفر اقبال جھگڑا سٹپٹا گئے۔ پھر انہوں نے معذرت خواہانہ انداز میں وضاحت دینے کی کوشش کی لیکن شیریں مزاری اتنے غصے میں تھیں کہ انہوں نے گورنر کی ایک نہ سنی اور انہیں خوب آڑے ہاتھوں لیتی رہیں۔ لیکن پھر وہ تھوڑے سنبھلے اور بولے اونچی آواز میں بات نہ کریں۔ چیخنے کی ضرورت نہیں۔ آپ خود کو دیکھیں کس طرح بات کررہی ہیں۔ تاہم شیریں اپنی سنا کر چلتی بنیں۔