• news

پپو کی پہلے 3میں کمپارٹ تھی اب 5 میں فیل ہوگا‘ جے آئی ٹی کو منطقی انجام تک پہنچتے دیکھ رہا ہوں: شیخ رشید

اسلام آباد (آن لائن+آئی این پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکمران اقتدار کی لڑائی میں قومی مفاد سے کھیل رہے ہیں، جے آئی ٹی کو منطقی انجام تک پہنچتے دیکھ رہا ہوں۔ پپو کی پہلی تین میں کمپارٹ تھی اب پانچ میں فیل ہوگا، نہال ہاشمی جیسے لوگوں کی کوئی حیثیت نہیں ہوتی، میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا شام تک اس کا استعفیٰ آجائے گا، سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ میں بات بہت زیادہ پھیل گئی تھی چیف جسٹس کا نوٹس لینا بنتا تھا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کے مسائل میں اب مزید اضافہ ہوگا۔ پانامہ کیس میں اب سوالات نواز شریف کیلئے ہوں گے حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے 10 سے 15 دن میں صورتحال واضح ہوجائے گی۔ نہال ہاشمی جیسے لوگ پنجاب کے کوٹے پر سندھ میں سیاست کررہے ہیں، یہ کرائے کے لوگ ہیں ان جیسے آٹھ دس اور بھی لوگ ہیں جو نواز لیگ کے اسکواڈ میں ہیں ان کو صرف قربانی کا بکرا بنا کراستعمال کیا جاتا ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ قطری شہزادہ کبھی بھی پاکستان نہیں آئے گا جے آئی ٹی کی صوابدید ہے وزیراعظم کو بلائے یا نہ بلائے۔

ای پیپر-دی نیشن