• news

چیمپئنز ٹرافی: میدان سج گیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ آج مد مقابل، قومی کرکٹرز کی پریکٹس

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)آئی سی سی چیمپئنزٹرافی کا آغاز آج سے اوول گراﺅنڈ پر ہو رہا ہے۔ 18 روزہ ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں 15 میچوں میں ایک ٹرافی کے حصول کیلئے جنگ کریں گی۔ افتتاحی میچ میزبان انگلینڈ اوربنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر اڑھائی بجے کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیںچارجون کو آمنے سامنے ہوں گی۔ سرفرازالیون کے ایجبسٹن گراونڈ میں ڈیرے ، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے بلے بازوں کو ماربل سلیب پر بیٹنگ پریکٹس کرائی ، فاسٹ بولر وہاب ریاض نے پریکٹس سیشن میں شرکت نہیں کی ، ٹیم منیجمنٹ کے مطابق وہاب ریاض کی انجری سنجیدہ نوعیت کی نہیں۔روایتی حریف پاکستان اور بھارت 4 جون کو ٹکرائیں گے ، فاسٹ باﺅلر جنید خان بھارتی بلے بازوں کا شکار کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ کو لے کر ٹیم پر کوئی دباونہیں ہے ،خواہش ہے بھارت کے خلاف میری باری سے پہلے ہی میچ ختم ہو جائے۔ بھارت کےخلاف چار فاسٹ باولرز کے ساتھ بھی جا سکتے ہیں تاہم پچ دیکھ کر باولنگ لائن تشکیل دیں گے۔بھارت کے خلاف تین ون ڈے میں ایک بار بھی باری نہیں ملی ہے ،خواہش ہے کہ اس بار بھی میر ی باری سے پہلے ہی میچ ختم ہو جائے۔یونس خان نے ٹیم کو مشورہ دیا جو مفید ہے‘ اظہر علی نے کہا کہ ہر انٹرنیشنل میچ اہم ہوتا ہے، بھارت کےخلاف نارمل کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔ فٹنس اور فارم اچھی ہے، مجھ سمیت ہر کرکٹر چاہتا ہے کہ وہ آئی سی سی کے ٹورنامنٹ میں خود کو منوائے۔احمد شہزاد نے کہا کہ سر فراز احمدشہزاد نے کہا سرفراز کی قیادت میں تمام توجہ ٹائٹل جیتنے پر مرکوز ہے ۔ ٹیم متحد ہے اور فوکس بھارت کیخلاف میچ پر ہے ۔ جنید خان نے کہا کہ بھارت کیخلاف چار جون کو میچ فائنل سے بھی بڑا ہے ۔ حریف ٹیم کو آﺅٹ کرنا ہماری باﺅلنگ لائن کا مشن ہوگا۔ سری لنکن ٹیم کے کپتان اینجلو میتھیوز ہیمسٹرینگ انجری کا شکار ہوگئے ‘جنوبی افریقہ کیخلاف میچ میں شرکت مشکو ک ہوگئی۔

ای پیپر-دی نیشن