پی سی بی نے ماہر گواہ کو نہ بلایا تو فیصلہ آٹھ دس روز میں ہو جائیگا : وکیل شرجیل خان
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) شرجیل خان کے وکیل شیغان اعجاز نے کہا ہے کہ اگر پی سی بی کی جانب سے کسی ماہر گواہ کو نہ بلایا گیا تو فیصلہ آٹھ سے دس روز میں ہو جائے گا۔ گذشتہ روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیغان اعجاز کا کہنا تھا کہ ہم نے ٹربیونل سے ریکارڈ شدہ شواہد کی تصدیق شدہ کاپیاں حاصل کر لی ہیں، ہم نے ٹربیونل کی سماعت کی ویڈیوز دیکھی ہیں۔ ہمیں مزید یقین ہوگیا ہے کہ ہمارا کیس مضبوط ہے، پی سی بی کے پاس شرجیل خان کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 2 جون کو ہماری بحث مکمل ہوجائے گی۔ اگر ٹربیونل نے کسی ماہر کو گواہ کو نہ بلایا گیا تو اس کیس کا آٹھ دس روز میں فیصلہ ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پہلے روز سے ہی کہہ رہے ہیں کہ ساتھی کرکٹر کسی فین سے ملنے کا کہہ کر غیر مشکوک شخص سے ملنے لے گیا تھا جس کے بارے میں ہم کچھ نہیں جانتے تھے۔