ٹینس‘ پاکستان کو 2 سیریز کی میزبانی دیدی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) ایشین ٹینس فیڈریشن نے پاکستان کو دو انڈر 14 انڈر سپر سیریز ٹینس چیمپئن شپ کی میزبانی دیدی۔ آئی ٹی ایف جونیئر ایونٹس کراچی میں منعقد ہونگے، ایشین ٹینس فیڈریشن 14اینڈ انڈر سپرسیریز میں متعدد ایشائی ممالک کے کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے۔جبکہ مقامی جونیئر کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل مقابلوں میں شرکت کے لیے اپنی رینکنگ بہتر بنانے کے مواقع میسر آئیں گے۔ ٹورنامنٹ ریفری اور پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکریٹری خالد رحمانی کے مطابق چیمپئن شپ کراچی جیمخانہ اور کریک کلب پر کھیلی جائیں گی، یہ مقابلے سینتھیٹک ہارٹ کورٹس پر شیڈول ہیں، ہر چیمپئن شپ میں 4 ایونٹ کے مقابلے ہوں گے جن میں بوائز انڈر14سنگلز اور ڈبلز کے ساتھ گرلز انڈر14سنگلز اور ڈبلز ایونٹس شامل ہیں، ان مقابلوں میں یکم جنوری 2003 اور31دسمبر 2007کے دوران پیدا ہونے والے کھلاڑی شرکت کے اہل ہوں گے جبکہ انٹرنیشنل پلیئرز آئی ڈی نمبر کے ذریعے مقابلوں میں شرکت کے لیے 13جون تک انٹری کرائی جاسکتی ہے۔ سابق قومی ڈیوس کپ کپتان خواجہ سعید حئی کوآرگنائزنگ کمیٹی کا صدر مقرر کیا گیا ہے۔