رشتہ نہیں احساس ضروری ہے انڈس ہاسپٹل کی تعارفی تقریب
بیورو چیف: طاہر منیر طاہر
گزشتہ روز پاکستان ایسوسی ایشن (PAD) دوبئی میں انڈس ہاسپٹل کراچی کے ساتھ ایک معاہدہ پر دستخط ہوئے اور انڈس ہاسپٹل کے بارے ایک تفصیلی تعارف پیش کیا گیا۔ PAD کے پاکستان آڈیٹوریم میں امارات بھر سے مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے شرکت کی۔PAD کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فیصل اکرام نے اپنی تقریر کے دوران انڈس ہسپتال کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہسپتال خالص انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر2007ء میں قائم ہوا اور تب سے ابتک یہاں مریضوں کا مفت علاج کیا جا رہا ہے۔ پرویزاحمد ڈائریکٹر فار کمیونیکیشن نے کہا کہ آج سے دس سال قبل جب انڈس ہسپتال قائم ہوا تو یہاں صرف 150 بستروں کی گنجائش تھی۔انڈس ہسپتال کے CEO ڈاکٹر عبدالباری خان نے اس سلسلہ کے بارے مزید بتایا کہ انڈس ہسپتال سے ہر ماہ تقریباً ڈیڑھ لاکھ مریضوں کا مفت علاج کیا جا رہا ہے۔ہر ماہ 9200 سے زائد مریض داخل ہوتے ہیں اور ہر ماہ 3.2 ملین ڈالر کا خرچہ ہوتا ہے جو مخیر حضرات کے عطیات اور زکوٰۃ سے پورا کیا جاتا ہے۔ ڈاکٹر عبدالباری نے کہا کہ یہاں آنے والا ہر مریض ہمارے لئے VIP ہوتا ہے۔ لہٰذا ہم بغیر سفارش کے مریض کی حساس نوعیت کو دیکھتے ہوئے علاج کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انڈس ہسپتال میں ڈاکٹروں اور سرجنوں کی تجربہ کار ٹیمیں کام کرتی ہیں اور خلق خدا کی خدمت کر رہی ہیں۔ انڈس ہسپتالوں کا دائرہ کار پورے پاکستان میں بڑھانے کے بارے بھی عملی کام ہو رہا ہے۔ ہم اُمید کرتے ہیں کہ خلق خدا کی خدمت کا جذبہ رکھنے والوں کے تعاون سے ہم اپنے مقصد کو پا لیں گے۔ اس موقع پر انڈس ہسپتال کراچی اور پاکستان ایسوسی ایشن دوبئی کے زیر اہتمام بننے والے پاکستان میڈیکل سنٹر کے درمیان ایک معاہدہ بھی سائن ہوا جس کے تحت ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کیا جائے گا۔ معاہدہ پر دستخط کے دوران PAD کے صدر ڈاکٹر ضیاء الدین، CEO انڈس ہسپتال ڈاکٹر عبدالباری خان اورPAD کے میڈیکل ونگ کی صدر ڈاکٹر نگہت آفتاب موجود تھیں۔ معاہدہ کے مطابق پاکستان میڈیکل سنٹر دوبئی اورانڈس ہسپتال کراچی مختلف النوع شعبوں میں مل جل کر کام کریں گے تا کہ اندرون اور بیرون ملک خدمت خلق کے دائرہ کار کو بڑھایا جا سکے۔