ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کو ملائشیا میں ہائی کمشنر مقرر کردیا گیا‘نئے ترجمان اور بھارت میں سبکدوش عبدالباسط کی تقرری کا ابھی طے نہیں ہوسکا
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا کو ملائیشیا میں پاکستان کا ہائی کمشنر مقرر کردیا گیا ہے۔ نئے ترجمان کی تقرری آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔ بھارت میں سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر عبدالباسط کی نئی تقرری ابھی طے نہیں کی جا سکی۔ بھارت کے لئے نامزد ہائی کمشنر سہیل محمود کی جگہ سائرس قاضی کو ترکی میں نیا سفیر مقررکیا گیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق عمران چوہدری کو سپین میں ، جبکہ دفتر خارجہ میں ڈائریکٹر جنرل ایڈمن کے طور پر کام کرنے والے خیام اکبر کو سوئیٹزرلینڈ میں سفیر لگایا گیا ہے۔ امین رشید کو فلپائن میں سفیر بناکر بھیجا جارہا ہے جبکہ مدثر ٹیپو چین کے شہر چینگڈو میں پاکستان کے قونصل جنرل ہوں گے۔ دفتر خارجہ میں ایڈیشنل سیکرٹری امریکہ ڈویژن اسد مجید خان کوجاپان میں سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ قابل ذکر ہے کہ تبادلوں کے پہلے دور میں ازبکستان میں سفیر ریاض بخاری کو زمبابوے، جبکہ زمبابوے میں تعینات آصف خان کو کمبوڈیا، پولینڈ میں سفیر خالد حسین کو برما، فلپائن میں سفیر صفدر حیات کو رومانیہ جبکہ رومانیہ میں سفیر ایاز خان کو ارجنٹائن اور ارجنٹائن میں سفیر امتیاز احمد کو ہیڈکوارٹرزتعینات کیا جا چکا ہے۔