شرمین عبید چنائے نے نائٹ انٹرنیشنل جرنلزم ایوارڈ 2017ء بھی جیت لیا
واشنگٹن ( آن لائن ) ْْ آسکر ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے نے نائٹ انٹرنیشنل جرنلزم ایوارڈ 2017 اپنے نام کروا لیا ہے۔ شرمین عبید چنائے کو یہ اعزاز گزشتہ دو دہائیوں سے دنیا بھر کی رپورٹنگ کرنے کے باعث دیا گیا۔ اس ایوارڈ کا اعلان واشنگٹن ڈی سی میں قائم انٹرنیشنل سینٹر فار جرنلسٹ ( آئی سی ایف جے) کی جانب سے کیا گیا، جنہوں نے شرمین عبید کو اپنے بیمثال کام سے دنیا میں مثبت تبدیلی لانے کی کوششوں کے لیے سراہا۔ اس ایوارڈ کو جیتنے پر شرمین عبید چنائے نے کہا کہ ’میرے لیے نائٹ انٹرنیشنل جرنلزم ایوارڈ جیتنا بہت بڑے اعزاز کی بات ہے، میں نے 14 سال کی عمر میں پاکستان کے اخبارات کے لیے لکھنا شروع کیا اور اپنی پہلی دستاویزی فلم کی پروڈکشن 21 سال کی عمر میں کی، میں نے اپنے کیریئر میں ایسی کہانیوں پر تحقیق کی جو لوگوں کو دل کی گہرائیوں سے بیچین تو کردیں، لیکن ساتھ یہ امید بھی رہے کہ اس تحقیق سے ایک ایسی گفتگو کا جنم ہو جو لوگوں کے ایسے روئیوں کو تبدیل کردیں۔ آئی سی ایف جے ایوارڈ حاصل کرنے والے تمام فاتحین کو رواں سال 3 نومبر کو امریکہ میں یہ اعزاز پیش کیا جائے گا۔