• news

نہال ہاشمی کیخلاف سخت کارروائی کی جائے‘ لاہور ہائیکورٹ بار کی قرارداد

لاہور (وقائع نگار خصوصی) عدلیہ مخالف بیان بازی کرنے پر لاہور ہائیکورٹ بار نے نہال ہاشمی کے خلاف قرارداد مذمت منظور کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے سخت کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔ ہائیکورٹ بار کے جنرل ہائوس اجلاس نے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کی بار میں داخلہ پر پابندی کی توثیق کرتے ہوئے وزیراعظم کے استعفی کے مطالبہ کو دہرایا۔ وکلاء کنونشن کو ثبوتاژ کئے جانے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ بار کے وکلاء کے جنرل ہاؤس کا مذمتی اجلاس ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ بار کے سیکرٹری عامر سعید راں نے کہا کہ وکلاء کے کنونشن کو ثبوتاژ کر کے وکلا کے ضمیر کا سودا کرنے کی کوشش کی گئی مگر وکلا ثابت قدم رہے۔ پانامہ لیکس کے معاملے پروزیراعظم استعفی دیں۔ انہوں نے کہا کہ نہال ہاشمی نے وزیراعظم ہاؤس کے ایماء پر بیان بازی کی جس سے ثابت ہو گیا کہ وکلاء کا مطالبہ درست ہے کہ وزیراعظم استعفی دے کر جے آٹی کے سامنے پیش ہوں۔ ہائی کورٹ بار کے نائب صدرراشد لودھی نے کہا کہ گلو بٹ توڑ پھوڑ کر کے گورنر ہاوس میں پناہ لیتے ہیں۔ سازشیں کرنے پر گورنر بار میں آکر معافی مانگیں ورنہ ان کے بار میں داخلے پر پابندی کو برقرار رکھا جائے گا۔ وکلاء نے نہال ہاشمی کے خلاف قرار داد منظور کرنے کے بعد احتجاجی کیمپ میں جا کر سیاہ پٹیاں باندھیں اور وزیراعظم کے استعفی کے مطالبہ کو دہرایا۔

ای پیپر-دی نیشن