آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کا لوڈشیڈنگ کیخلاف مظاہرہ
لاہور (پ ر) پرائیویٹ سکولوں کے مالکان نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے صدر ادیب جاودانی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ادیب جاودانی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے 2013ء کا الیکشن لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے دعوؤں پر جیتا۔ مگر افسوس ایسا نہیں ہو سکا۔ ان وعدوں کا انتخابی وعدے قرار دے کر بھلا دیا گیا چار برس گزر گئے۔ حکومت بے شمار بجلی کے منصوبوں کے افتتاح کے باوجود بجلی کی پیداوار میں کوئی اضافہ نہ کر سکی۔ لاہور سمیت پنجاب بھر میں گیس و بجلی کی بندش سے گھریلو اور کاروباری زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔ شدید گرمی میں شہروں میں 8 سے 10 اور دیہات میں 12 سے 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ عام ہے۔ ادیب جاودانی نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی سخت ہدایت کے باوجود ملک میں سحر و افطار اور تراویح کے اوقات بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔