• news

مافیا کا لفظ چھوٹا، یہ لوگ گاڈ فادر جیسے گروہوں کوجنم دینے والے ہیں: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ اشرافیہ نے کردار کشی کے ساتھ ساتھ ہماری نعشیں بھی گرائیں، پھر بھی ہم مقابلہ کررہے ہیں، مافیا کا لفظ بہت چھوٹا ہے، یہ لوگ گاڈ فادر اور سسلئین جیسے گروہوں کو جنم دینے والوں میں سے ہیں۔ ادارے ظلم کے نظام کا اختتام چاہتے ہیں تو اس کی ابتدا جسٹس باقر نجفی کمشن رپورٹ کی روشنی میں سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی تحقیقات سے کریں، ظلم کا خاتمہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے قاتلوں کو سزا دینے سے ہو گا۔ قاتل حکمران پاناما لیکس اور نیوز لیکس کے حقائق تو جھٹلا سکتے ہیں مگر سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے نہیں۔ وہ گزشتہ روز سنٹرل کور کمیٹی کے ممبران سے گفتگو کررہے تھے۔ سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ اگر ماڈل ٹاﺅن کے مظلوموں اور مقتولوں کے ورثاءکو انصاف مل جاتا تو آج بے پناہ ریاستی اختیار کے حامل اداروں کو مافیاز کی چوری اور سینہ زوری کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ تحریک منہاج القرآن اور عوامی تحریک کے کارکنان شہدائے ماڈل ٹاﺅن کے انصاف کیلئے تنہا قانونی جنگ لڑرہے ہیں، جن اداروں نے 21 کروڑ عوام کے حقوق کا تحفظ کرنا تھا آج وہ اپنے آئینی حقوق اور تقدس کی حفاظت تک محدود کیے جارہے ہیں ۔ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ جس معاشرے میں مظلوم کی آہ و زاری سننے والا کوئی نہ ہو اس معاشرے کے ”معززین“ کو بھی رسوا ہونے سے کوئی نہیں بچا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے فرعون صفت اور سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے قاتل حکمرانوں کے خلاف جس جدوجہد کا آغازکیا تھا وہ اپنے منطقی انجام کی طرف بڑھ رہی ہے، قاتل حکمران کسی اور کیس میں نہیں سانحہ ماڈل ٹاﺅن کیس میں پھانسی کے پھندوں پر جھولیں گے۔
طاہر القادری

ای پیپر-دی نیشن