عارفوالا: گھریلو ناچاقی پر سنگدل باپ نے گلے دبا کر 3کمسن بیٹیوں کو قتل کر دیا‘ بیوی زخمی
عارفوالا/پاکپتن(نامہ نگاراں) آسمان ٹوٹا نا زمین پھٹی سنگ دل باپ نے گھریلو ناچاقی کی بنا پر تین کم سن بیٹیوں کو گلا دبا کر قتل کرڈالا جبکہ بیوی کو چھریوں کے وار کر کے زخمی کردیا، تین بیٹے گھر موجود نہ ہونے کی وجہ سے بچ گئے۔ تفصیل کے مطابق نواحی گائوں83.EBآنیانوالہ کے رہائشی احمد یار کی شادی اپنی قریبی عزیز شکیلہ کوثر سے ہوئی جس کے بطن سے3بیٹے اور 3بیٹیاں پیدا ہوئیں۔ گھریلو ناچاقی کی وجہ سے احمد یار کی بیوی اپنے تین بیٹوں کو لیکر میکے آگئی جبکہ 3بیٹیاں اپنے خاوند کے گھر چھوڑ گئی۔ گزشتہ رات احمد یار اپنی ناراض بیوی کو لینے کیلئے سسرال آیا جبکہ بیوی نے واپس جانے سے انکا رکردیا۔ احمد یار نے گھر واپس آکر اپنی بیٹیوں 11 سالہ زینب بی بی 6سالہ زنیرہ ‘3سالہ مریم کو گلا دبا کر مارڈالاجبکہ سسرال آکر اپنی بیوی کو قتل کرنے کی نیت سے چھریوں کے وار کر کے زخمی کردیا ۔جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال عارفوالا منتقل کردیا گیا۔ ملزم کو اہل دیہہ نے چھری سمیت پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے۔ قتل کی واردات کے بعد گائوںمیں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔