• news

پارلیمانی کوریج کیلئے ٹی وی چینل شروع کیا جا رہا ہے: مریم اورنگزیب

لاہور (این این آئی) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی ہدایت پر پارلیمانی کارروائیوں کی کوریج کیلئے ایک خصوصی ٹیلی ویژن چینل شروع کیا جا رہا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ پارلیمنٹ اور جمہوریت مضبوط ہورہی ہے۔ پاکستان ٹیلی ویژن پر قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی تقریر نشر کرنے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ میں نے حزب اختلاف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کی تقریر بعد میں نشر کی جائے گی کیونکہ رمضان کی نشریات کی وجہ سے تقریر براہ راست نشر کرنا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کااظہار کیا کہ حزب اختلاف نے اس معاملے کو سیاسی رنگ دے دیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کرکٹ کے مایہ ناز بلے باز سر ویوون رچرڈز کی شمولیت سے پی ٹی وی سپورٹس پینل کے وقار میں اضافہ ہوگا۔ مریم اورنگزیب نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ سر ویوون رچرڈز کے پی ٹی وی کرکٹ پینل میں شامل ہونے سے یہ درخشاں حیثیت حاصل کر جائے گا اور یہ اب تک کا بہترین پینل ہوگا۔ انہوں نے ناظرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پی ٹی وی کے برینڈ نیو سیٹ پر دنیائے کرکٹ کے غیر متنازع لیجنڈز برائن لارا اور آئن چیپل کی ماہرانہ رائے سے لطف اندوز ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن