.کرپشن نے مستحق افراد کو جائز حق سے محروم رکھا: چیئرمین نیب
اسلام آباد (این این آئی) چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہاہے کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، قومی احتساب بیورو تمام اشکال اور اقسام کی بدعنوانی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے، نیب اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے بدعنوانی سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے اور انہیں جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ قمر زمان چوہدری کی زیرصدات نیب ہیڈکوارٹرز میں سال 2015-17کے دوران ’’بدعنوانی سے انکار‘‘ کے موضوع پر آگاہی و تدارکی مہم کاجائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ’’بدعنوانی سے انکار‘‘ کے موضوع پر آگاہی وتدارکی مہم کا آغاز کیا گیا تاکہ عام شہریوں کو بدعنوانی کے برے اثرات ونتایج سے آگاہی فراہم کی جاسکے۔ نیب کی جانب سے شروع کردہ اس مہم کو پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میںپذیرائی ملی۔ نیب نے اپنے مینڈیٹ کے مطابق بدعنوانی کا قلع قمع کرنے کیلئے میڈیا کے حوالے سے موثر حکمت عملی اپنائی ہے۔ تمام طبقات سے حاصل کردہ فیڈ بیک سے اس مہم کی کامیابی کا ثبوت ملاہے، اس وقت تمام شیڈولڈ بنکوں کے اے ٹی ایم کی پرچیوں پر ’’بدعنوانی سے انکار‘‘ کا پیغام موجود ہے۔ مہم کو وسعت دینے اوراس میں تیزی لانے کیلئے پاکستان ٹیلی ویژن، ایس این جی پی ایل، اسلام آباد ٹریفک پولیس، آئیسکو، لیسکو، گیپکو اور فیسکو نے بھی نیب کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سینما گھروں میں بدعنوانی کے خلاف نیب کے پیغام پرمبنی ویڈیو نشر کی جارہی ہے، عوام الناس نے نیب کے آگاہی اور تدارکی مہم کو بھرپورانداز میں سراہا ہے اور اس کی حمایت کی ہے۔ چیئرمین نیب نے علاقائی بیوروز کو تمام محکموں کے ساتھ مشاورت کے ساتھ کمیٹیاں قائم کرنے کی ہدایت کی تاکہ اس حوالے سے کمزوریوں کو دور کیا جاسکے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ بدعنوانی کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے جو ملکی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور جس نے میرٹ کی دھجیاں اڑاتے ہوئے مستحق افراد کو ان کے جائز حق سے محروم کر رکھا ہے‘ بدعنوانی نہ صرف اقتصادی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے بلکہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کا بھی باعث ہے کیونکہ بدعنوانی اور بدعنوان عوامل سے کمائی گئی دولت چند ہاتھوں میں مرکوز ہو جاتی ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب افسروں کی شبانہ روز محنت قابل تعریف ہے، تین برسوں میں 45 ارب روپے کی ریکوری کی ہے جو ایک ریکارڈ ہے۔