سیالکوٹ: خواجہ آصف کی جناح سٹیڈیم آمد پی ٹی آئی کارکنوں کے ’’گو نواز گو‘‘ کے نعرے
سیالکوٹ(نامہ نگار) جناح سٹیڈیم سیالکوٹ میں جاری میئر کرکٹ کپ دیکھنے کیلئے وفاقی وزیر پانی وبجلی ودفاع خواجہ محمد آصف جب جناح سٹیڈیم پہنچے تو تحریک انصاف کے کارکنوں نے گو نواز گو کے نعرے لگادیئے ۔ گزشتہ رات کو وفاقی وزیر پانی وبجلی ودفاع خواجہ محمدآصف جاری میئر کپ کے میچ کو دیکھنے کیلئے جناح سٹیڈیم آئے تھے جہاں تحریک انصاف کے کارکنوں نے گو نواز گو کے نعرے لگانے شروع کردیئے جس کے تھوڑی دیر بعد وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف واپس اپنے گھر روانہ ہوگئے تاہم گو نواز گو کے نعروں کے بعد مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے بھی رو عمران رو کے نعرے لگائے ۔گو نواز گو کے نعرے لگانے والوں کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو اب اقتدار چھوڑنا ہوگا کیونکہ انہوں نے ملک تباہ کردیا ہے اور بے روزگاری ، لوڈشیڈنگ سمیت دیگر مسائل عروج پر ہیں اور عوام کا برا حال ہے ۔ مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے رہنما وممبر ضلع کونسل فاروق گھمن کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے کارکنوں نے پلاننگ کے تحت جناح سٹیڈیم میں کرکٹ میچ کے موقعہ پر گونواز گو کے نعرے لگائے حالانکہ عمران خان خود بڑے کرپٹ ہیں۔