مظفرآباد:لینڈ سلائیڈنگ سے مکان تباہ ماں بیٹی جاں بحق،مال مویشی دب گئے
مظفرآباد ( آن لائن) وادی نیلم کے نواحی علاقے کٹن کے قریبی گائوں کلو بیک میں لینڈ سلائیڈنگ سے ایک مکان زد میں آگیا جس سے ماں بیٹی جاں بحق جبکہ مال مویشی بھی مکان میں دب کر مر گئے، مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو کرکے دونوں کی نعشیں نکال لیں جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ دیگر آبادی کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ، عوام نے رہائشی مکانات خالی کرکے محفوظ مقام کی جانب پناہ حاصل کرلی۔تفصیلات کے مطابق وادی نیلم کے نواحی علاقے کٹن کلو بیک کے مقام پر اچانک ہی لینڈ سلائیڈنگ شروع ہوگئی جِس کے باعث قریبی آبادی سے الگ ایک مکان لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگیا جِس کے باعث مکان لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مکمل تباہ ہوگیا لاکھوں روپے کا سامان بھی اور مویشی ہلاک ہونے کے علاوہ مکان میں موجود ماں بیٹی بھی جاں بحق ہوگئیں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث قریبی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ نہ اِس وقت تک ضلعی انتظامیہ موقع پر پہنچ سکی اور نہ ہی حکومتی نمائندے ! عوام نے شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت ِ آزادکشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ کُٹن کلو بیک کے متاثرین محفوظ مقام کی جانب منتقل کریں جبکہ جاں بحق افراد کے ورثاء کو فوری طور پر معاوضہ دینے کا اعلان کریں۔