• news

غیر ترقیاتی اخراجات، بیورو کریسی نے بجٹ سے 6 ارب زائد خرچ کئے، بچت کمیٹی ناکام

لاہور ( معین اظہر سے ) پنجاب حکومت کے تمام بچت اقدامات بیورو کریسی کے شاہی اخراجات روکنے میں ناکام ہو گئے ہیں وزیر خزانہ کی سربراہی میں بنائی گئی بچت کمیٹی بھی گزشتہ دوسال سے ناکام نظر آرہی ہے موجودہ مالی سال کے دوران حکومت پنجاب نے 102 محکموں ، اداروں، اور کارپویشن کے لئے 32 ارب 98 کروڑ روپے غیر ترقیاتی اخراجات کے لئے رکھے تھے جبکہ بیورو کریسی نے 6 ارب روپے زیادہ اخراجات کرتے ہوئے 39 ارب 66 لاکھ روپے کے اخراجات کر لئے ہیں۔ تاہم حکومت پنجاب نے بچت کی بجائے آئندہ مالی سال2017-18 کے لئے 15 ارب کا اضافہ کرکے ان کو 47 ارب 82 کروڑ کے فنڈز دے دئیے ہیں۔ 2015-16 میں ان محکموں اور اداروں کے لئے 28 ارب روپے کے اخراجات رکھے گئے تھے جس میں 5 ارب روپے کے اضافی اخراجات کئے گئے تھے جو تقریبا33 ارب کے تھے جس پر 2016-17 موجودہ مالی سال کے دوران ان کے لئے 32 ارب 98 کروڑ روپے کے فنڈز رکھے گئے تھے۔پنجاب میں چیف سیکرٹری پنجاب بلٹ پروف گاڑی استعمال کر رہے ہیں ان کے دفتر کے لئے گزشتہ سال پانچ نئی گاڑیاں خریدی گئی تھیں جو ان کے سٹاف افسران کے لئے تھیں جس پر 91 لاکھ روپے خرچ کئے گئے ۔اسی طرح سول سیکرٹریٹ کی سیکورٹی کے لئے 2 کروڑ 25 لاکھ ایک مرتبہ اور دوسری مرتبہ سیکورٹی آلات خریدنے کے لئے 1 کروڑ 75 لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کی گاڑی کے لئے تقریبا 18 لاکھ روپے ان کے دفتر کے سامنے برآمدہ کی تزئین آرائش کے لئے 19 لاکھ 76 ہزار روپے خرچ کئے گئے۔ چیئرمین پی اینڈ ڈی کے دفاتر و آرائش کے دوران پر 15 لاکھ 65 ہزار ،سیکرٹری لیبر کے دفتر پر 6 لاکھ 10 ہزار ، ایڈیشنل سیکرٹری سکولز کے دفتر پر 5 لاکھ 42 ہزار ، ایڈیشنل سیکرٹری پراسیکویشن کے دفتر 4 لاکھ 48 ہزار روپے خرچ کئے گئے۔ سول سیکرٹریٹ میں مزید دفاتر کی مرمت پر 4 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔ سول سیکرٹریٹ کی دیگر بلڈنگ کی تزئین آرائش پر 2 کروڑ علیحدہ سپلیمنٹری گرانٹ سے جاری کئے گئے۔ جی او آر ون کی پانی کی پائپ لائن کی مرمت کے لئے 20 لاکھ ، اعلی افسران کی رہائش گاہوں کی تزئین آرئش پر 4 کروڑ 95 لاکھ روپے اضافی بجٹ سے خرچ کئے گئے ۔ کمشنر سرگودھا کے کیمپ آفس کی تزئین آرائش پر 40 لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔ کمشنر آفس میں رہائش گاہ کی تعمیر پر 2 کروڑ 6 لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔ کمشنر ساہیوال کی رہائش گاہ پر 46 لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن