نواز شریف 2017ء میں سیاسی زندگی کی مشکل ترین اننگز کھیل رہے ہیں
اسلام آباد (محمد نوازرضا‘ وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم محمد نواز شریف 2017ء میں اپنی سیاسی زندگی کی مشکل ترین انگز کھیل رہے ہیں وہ سیاسی میدان میں اپنے تمام حریفوں کو مات دے چکے ہیں لیکن ان کو سیاسی میدان سے ’’آؤٹ‘‘ کرنے کی اب تک کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوئی ہے۔ پارٹی کے پارلیمانی اجلاس کے بارے میں سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں تاہم وزیراعظم محمد نواز شریف کے آئندہ لائحہ عمل کے بارے میں کوئی پیشگوئی کرنا مشکل ہے وزیراعظم کی تین رکنی کچن کیبنٹ جو ان سمیت چوہدری نثار علی خان اور محمد اسحق ڈار پر مشتمل ہے کے علاوہ کسی کو ان کے آئندہ اقدامات کے بارے میں علم نہیں۔ وزیراعظم محمد نوازشریف سیاسی جنگ میں پسپائی اختیار کرنے والے ہیں اور نہ بیک فٹ پرکھیلنے والے، آنے والے دنوں میں جارحانہ سیاسی کھیل کر ان سب قوتوں کو سرپرائز دیں گے جو ان کو نااہل قرار دینے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ وزیراعظم کے قریبی ذرائع کے مطابق ان کے صاحبزادوں کے ساتھ جے آئی ٹی میں توہین آمیز سلوک پر مسلم لیگ ن میں شدید ردعمل پایا جاتا ہے۔ وزیراعظم 7 جون 2017ء کو پارلیمانی پارٹی کے ارکان سے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں اعتماد میں لیں گے۔ اجلاس سیاست میں ٹرننگ پوائنٹ بن سکتا ہے۔