• news

پانامہ سکینڈل کے تمام کردار بے نقاب کریں، چھوٹی مچھلیوں پر بھی ہاتھ ڈالا جائے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ پانامہ میں ملوث تمام کرداروں کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سکینڈل میں ملوث کسی ایک لیٹرے کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ قانون کی ہتھکڑیاں صرف عام شہری کے لیے نہیں ہونی چاہیں۔ سپریم کورٹ کو پہلی بار حقیقی احتساب کا موقع ملا۔ انصاف کے ترازو میں حکمران اور بازار کا چوکیدار ایک جیسا ہوتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پانامہ سکینڈل کو اسکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ حکومت چاہتی ہے کہ احتساب کے ادارے محض دکھاوے کے ہوں۔ ان کے دانت دکھانے کے ہوں چبانے کے نہ ہوں۔ منصورہ میں دعوت افطار کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پانامہ سکینڈل میں حکمران خاندان کے علاوہ سینکڑوں لوگ ملوث ہیں ان سب کو بے نقاب کرکے ان کو عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے اور ان کا احتساب شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے اربوں ڈالر لوٹ کر بیرونی بینکوں میں پہنچائے گئے جنہیں واپس لانے کی ضرورت ہے۔ حکمران خاندان کے احتساب کے ساتھ ساتھ ان لوگوں کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں شک نہیں کہ وزیراعظم کے احتساب کے بعد چھوٹی مچھلیوں کو پکڑنا آسان ہوجائے گا۔ مگر ان چھوٹی بڑی مچھلیوں کو قابو کرنے کے لیے ابھی سے جال بچھانا اور انہیں بیرون ملک سے واپس لانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے تمام تر دعوئوں کے باوجود رمضان میں مہنگائی کے سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں اور عام آدمی کے لیے سحری او ر افطاری کا انتظام کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ غربت اور مہنگائی نے لوگوں کے لیے روزہ جیسی عبادت کو مشکل بنا دیا ہے۔ لوگ بے حس حکمرانوں سے نجات کے لیے جھولیاں اٹھا اٹھا کر دعائیں کررہے ہیں۔ ایک طرف حکومت بجلی کی پیداوار کے ریکارڈ ٹوٹنے کے دعوئے کررہی ہے اور دوسری طرف شہروں اور دیہات میں کئی کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن