• news

سولر پلانٹ رات کو بجلی پیدا نہیں کرتے تنقید کرنے والے عقل سے کام لیں :خواجہ آصف

سیالکوٹ (نامہ نگار) وفاقی وزیر دفاع پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دشمن کو جو جواب دیا گیا ہے اسکے نتیجے میں بھارتی فوجی ہلاک ہوئے اور انکی چوکیاں تباہ کی گئیں۔ ہمارا دشمن غلطی میں نہ رہے کہ وہ ہماری سالمیت کو نشانہ بنانے اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی بھی کرے تو ہم خاموش بیٹھے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی سرزمین کا تحفظ کرنا بخوبی جانتے ہیں ۔ ہم جانتے ہیں ہمارے کشمیری بھائی آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں اور آزادی کی تحریک چلا رہے ہیں۔ انشاء اللہ کشمیر ضرور آزاد ہو گا۔ خواجہ آصف نے کہا 9ہزار سے زائد گرڈ سٹیشن ہیں جس میں سے 30 فیصد سے زائد ہمارے نقصانات ہو رہے ہیں جو ہماری برداشت سے باہر ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ 19 ہزار میگاواٹ کا بیریئر کراس ہوا ہے۔ گزشتہ روز 19ہزار 272 میگاواٹ بجلی نہ صرف پیدا کی گئی بلکہ تقسیم بھی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی گرمی میں بجلی کی طلب 23 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر جاتی ہے۔ رواں ماہ 1500 سے 2 ہزار میگاواٹ تک بجلی قومی گرڈ میں شامل ہوجائیگی۔ انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں بجلی چوری کی جاتی ہے اور ریکوری کم ہوتی ہے وہاں لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے۔ ہم بجلی مفت بانٹنے نہیں آئے۔ یہ بات واضح کرنا چاہتا ہوں بجلی کی پیداوار فالتو بھی ہوئی تو چوروں کو بجلی فراہم نہیں کی جائیگی۔صباح نیوز کے مطابق وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا اگر تنقید کرنے والے سمجھنا چاہیں تو ان کو معلوم ہونا چاہئے سورج سے سولر بجلی پیدا ہوتی ہے رات کو سولرپلانٹ بجلی پیدا نہیں کرتا ہے، تنقید کرنے والے تھوڑی سی کامن سینس استعمال کریں۔ گذشتہ روز خواجہ محمد آصف نے ٹویٹر پر موجود اکاؤنٹ سے مختلف بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ کا چارٹ شیئر کیا اور لکھا آج پاکستان کی تاریخ میں نیا ریکارڈ بن گیا ہے کہ اور یہ روشن پاکستان کی طرف اقدامات ہیں مگر چارٹ کے شیئر کرنے کے ساتھ ہی مختلف صحافیوں، اینکروں اور مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے شدید تنقید شروع کر دی کہ قائداعظم سولر پر اربوں روپے خرچ کئے گئے مگر اسکے باوجود اس سے ایک بھی میگاواٹ بجلی پیدا نہیں ہو رہی۔ اس پر ردعمل دیتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ مہربانی کر کے سکرین پر لکھے ٹائم کو دیکھو، سورج کے غروب ہونے کے بعد سولر سے پیدا ہونے والی بجلی صفر ہو جاتی ہے۔ میں سوچتا ہوں کہ تنقید کرنے والوں کو تھوڑی سی عقل سے کام لینا چاہئے، چارٹ پر رات کے 7:48 بجے تھے۔ اسکے بعد انہوں نے دن کے وقت سولر انرجی سے پیدا ہونے والی بجلی کے بارے میں بتایا کہ دوپہر کو 281 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے جبکہ کل سولر انرجی کی نصب صلاحیت 400 میگاواٹ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن