• news

ہڑتال جاری بھارتی تحقیقاتی ایجنسی کا بطور جنگی حربہ استعمال نہ بند ہواتوسنگین نتائج ہونگے:حریت قیادت

سرینگر (اے این این+ کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں سلسلہ وار شہادتوں کے بعد کشیدگی جاری، پتھراؤ، شیلنگ اور جھڑپوں 10سے زائد زخمی،15 گرفتار، گرفتار ہونے والے تمام نوجوانوں کو پی ڈی پی کارکن پر حملے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے ،قابض فوج کے پیلٹ گن کے فائر سے راہگیر خاتون کی آنکھ پھٹ گئی، نوجوانوں کا ٹولیاں بنا کر قابض فورسز پر پتھراؤ، بھارت مخالف آزادی اور اسلام کے حق میں بینرز اور پوسٹر آویزاں، تعزیتی ہڑتال سے نظام مفلوج، تجارتی و کاروباری مراکز کے ساتھ تعلیمی ادارے بھی بدستور بند، 8روز بعد موبائل سروس بحال کر دی گئی۔ تفصیلات کے مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ چند روز کے دوران ہونے والی نوجوانوں کی شہادتوں کے بعد حالات بدستور کشیدہ ہیں۔ وادی کے مختلف علاقوں میں ہڑتال کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ سرینگر کے پائین شہر، اننت ناگ، سوپور، کپوارہ، حاجن اور دیگر علاقوں میں احتجاجی جلوس، سنگبازی اور شلنگ کے واقعات رونما ہوئے جسکے دوران 10 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ حریت قائدین سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یسین ملک نے بھارتی حکومتِ کو خبردار کیا ہے کہ اس کے دھونس ، دبائو اور اوچھے ہتھکنڈوں سے وہ ماضی میں مرعوب ہوئے ہیں اور نہ مستقبل میں اس طرح کی پالیسی کا کوئی نتیجہ برآمد ہونے کا امکان ہے۔ حریت لیڈروں نے خبردار کیا ریاستی دہشت گردی کا یہ کھیل جاری رہا اور تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کو ایک جنگی حربے کے طور استعمال کرنے کا سلسلہ بند نہیں کیا گیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے، جن کے لیے کلی طور پر حکومت ذمہ دار ہوگی۔ اس مہم جوئی کے خلاف سڑکوں پر آکر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے اور پھر اس وقت حالات کو قابو کرنا کسی کے بھی بس میں نہیں ہوگا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس (ع) نے بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی سرحدی کشیدگی کو انتہائی تشویشناک صورتحال قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ دو جوہری ہمسایہ مملکتوں کے درمیان گزشتہ کئی دہائیوں سے جو کشیدہ تعلقات چلے آرہے ہیں اس کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے اور جب تک اس مسئلے کو اس کے تاریخی تناظر میں حل کرنے کیلئے سنجیدہ اور سیاسی جرات مندی سے عبارت اقدامات نہیں اٹھائے جاتے اس خطے میں دائمی امن اور استحکام کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ لشکر چیف طیبہ محمودشاہ نے لورمنڈا ویری ناگ قاضی گنڈ میں آرمی قافلے پر کامیاب حملہ کرنے پرمجاہدین کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ اس حملے میں حصہ لینے والے عسکریت پسندوں کو اصل انعام تو اللہ رب العزت کی طرف سے دیا جائے گا جبکہ لشکر طیبہ انہیں شایان شان انعام دے گا۔ قاضی گنڈمیں فوج کے سیکٹر ہیڈ کوارٹر کے قریب عسکریت پسندوں کے حملے میں 2 فوجی ہلاک جبکہ 2 جونیئر کمیشنڈ آفیسر سمیت 4 دیگر زخمی ہونے کے بعد بھارتی فوج نے وسیع علاقے کو محاصرے میں لے لیا ہے۔ قاضی گنڈ کے علاقے میں بھارتی فوج کا محاصرہ دوسرے دن بھی جاری رہا۔ ادھر اوڑی میں کنٹرول لائن کے قریب فوج نے نصب درجن دیہات کا محاصرہ کر کے تلاشی کارروائی شروع کر دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن