• news

آستانہ میں نوازشریف اور مودی کی غیر رسمی ملاقات ہوگی: بھارتی ہائی کمشنر

اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں بھارت کے ہائی کمشنر گوتم بمباوالا نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے موقع پر ملاقات ہو گی۔ ایوان صدر میں صدر ممنون حسین کی طرف سے دیئے گئے افطار ڈنر میں ’’نوائے وقت‘‘ سے غیررسمی بات چیت کرتے ہوئے بھارتی ہائی کمشنر نے کہا کہ دونوں وزرائے اعظم کے درمیان اس ماہ آستانہ میں ہونے والے ایس سی او اجلاس میں بات چیت ہو گی۔ ان سے پوچھا گیا کہ کیا دونوں وزرائے اعظم میں کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر بات چیت ہو گی تو بھارتی ہائی کمشنر نے کہا کہ یہ ایک غیر رسمی بات چیت ہو گی۔ کسی طے شدہ ایجنڈے کے تحت ملاقات نہیں ہو گی۔ جب بھارتی ہائی کمشنر سے پوچھا گیا کہ کیا محض علیک سلیک ہو گی تو بھارتی ہائی کمشنر نے کہا کہ دونوں وزرائے اعظم پر منحصر ہے کہ وہ کن امور پر تبادلہ خیال کریں گے لیکن بات چیت اور ملاقات ضرور ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن