بھارت نے غلطی سے سرحد پار کرنیوالے 2 پاکستانی بچوں کو رہا کر دیا، ہائی کمشن حکام کے حوالے
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) بھارت نے غلطی سے سرحد پار کرنے والے2پاکستانی بچوں کو رہا کردیا۔ بھارتی میڈیاکے مطابق دونوں بچے پاکستانی ہائی کمشن حکام کے حوالے کر دئیے گئے۔ 10سالہ بابر علی اور 12سالہ علی رضا گذشتہ سال غلطی سے سرحد پار کر گئے تھے۔دونوں بچوں کو گذشتہ سال دونوں بچوں کو ناروال سے ورکنگ باونڈری کراس کرنے پر حراست میں لیا گیا تھا۔ پاکستانی ہائی کمیشن نئی دلی نے خود وکیل کرکے پٹیشن دائرکی، بچوں کو بھارتی عدالت نے رہائی کا حکم دیا تھا مگر بھارتی عدالت کے 30 اگست 2016 کے حکم کے باوجود بچوں کو رہائی نہیں ملی تھی۔ بھارت نے بچوں کی پاکستانی ہائی کمیشن کو حوالگی 10 اپریل کو کرنا تھی مگر بھارت نے 10اپریل کو کلبھوشن کا فیصلہ آنے کی وجہ سے حوالگی روک دی تھی۔ پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے بھارتی سیکریٹری خارجہ سے معاملہ چار بار اٹھایا۔جبکہ پاکستانی ہائی کمشن کے حکام کو 29 نومبر 2016 کو بچوں تک قونصلر رسائی دی گئی ، پاکستانی ہائی کمشن کی بھرپور کوششوں کے بعد بچوں کو رہائی ملی۔