شیخوپورہ: بینرز لگانے کا تنازعہ لیگی کارکن کو تشدد کرکے قتل کر دیا
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) جوئیانوالہ کی قریبی آبادی بھٹی ڈھلوں میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف کا جلسہ کروانے اور بڑے بڑے بینرز لگانے کے تنازع پر مسلم لیگ (ن) کے کارکن محمد ریاست کو عرفان ڈوگر نامی شخص نے اپنے والد کی مدد سے بھرے بازار میں ڈنڈوں اور مکوں کی بارش کر دی جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس علاقہ میں دو روز قبل میاں جاوید لطیف ایم این اے نے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے کے بعد جلسہ سے خطاب کیا تھا جس کے منتظمین میں ریاست بھی شامل تھا۔ ملزمان کا تعلق ان کے مخالف سیاسی دھڑے سے ہے۔ جلسہ کے دن ان کے درمیان بینرز لگانے پر جھگڑا ہوا تھا اور اسی تنازع پر گزشتہ روز جھگڑا ہو گیا تو عرفان ڈوگر نے اپنے باپ کی مدد سے ریاست کو تشدد کرکے قتل کر دیا۔