لوڈ شیڈنگ کم نہ ہوئی‘ روز ہ دار پریشان‘ گرمی سے نشئی‘2 نوجوان ڈوب کر جاں بحق
لاہور + اسلام آباد (کامرس رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار + نامہ نگاروں سے + ایجنسیاں) بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ ایک بار پھر 18 گھنٹے تک جاپہنچا، لاہور سمیت ملک بھر میں روزہ داروں کی زندگی اجیرن‘ تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی نبیلہ حاکم علی نے رمضان المبارک میں 16گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے خلاف اسمبلی میں قرار داد جمع کرادی۔ حکومت اس شدید گرمی کے موسم میں روزہ داروں کے جذبات سے کھیلنے کی کوشش کررہی ہے۔رمضان سے قبل حکومت کی جانب سے سحری، افطاری اور تراویح کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔ لہذا یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے رمضان المبارک کے مہنے میں لوڈشیڈنگ ختم کی جائے تاکہ روزہ دار اس گرم موسم میں کچھ سکون کا سانس لے سکیں۔ منڈی بہائوالدین میں نہر میں ڈوب کر نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ وہاڑی میں وکلا اور شہریوں کا احتجاج، ٹائر جلا کر روڈ بلاک کردی وولٹیج میں کمی کے باعث واٹر پمپ بھی نہ چل سکے۔ محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ رواں ہفتے کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں گرج چمک تیز ہوائوں اورآندھی کیساتھ بارش کا امکان ہے ٗ (آج) منگل سے جمعہ کے دوران روالپنڈی اسلام آباد، خیبر پختو نخوا،فاٹا، گلگت بلتستان،کشمیر ، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور،فیصل آباد ڈویژن میں وقفے وقفے کے ساتھ کہیں کہیں پر تیز ہوائوں ٗ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے ٗ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختو نخوا، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا ،فیصل اباد ڈویژن، فاٹا، اسلام اباد، گلگت بلتستان اور کشمیرمیں کہیں کہیں تیز ہوائوں ٗاندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہیگا۔ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہا تاہم ہزارہ، قلات ڈویژن اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش بلوچستان خضدار 05،کشمیر: مظفر آباد04،گڑھی دوپٹہ02، خیبرپختونخواہ: بالاکوٹ04،کاکول01ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔پیر کو ملک میں سب سے زیادہ گرمی سبی میں پڑی جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، اس کے علاوہ بھکر48،دادو، ڈی جی خان،کامرہ، ڈی ائی خان میں 47 جبکہ اسلام آباد میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس دوران اسلام آباد میں پولن کی تعداد 58 فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی۔ شاہ کوٹ سے نامہ نگار کے مطابق مقامی بس سٹینڈ پرایک نشئی شدید گرمی کے باعث دم توڑ گیا نامعلوم نشئی لاری اڈہ پرگرمی کی شدت کی وجہ سے چکرا کرگر پڑا اور موقع پر ہ دم توڑ گیا۔ پولیس نے نعش اپنی تحویل میں لے کر ورثاء کی تلاش شروع کر دی ہے۔ لاہور سے کامرس رپورٹر کے مطابق ملک میں گرمی کی شدت کے باعث بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافہ سے شارٹ فال مزید بڑھ گیا جس سے لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ کر دیا گیا۔ ملک کے کئی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ ایک بار پھر اٹھارہ گھنٹے تک پہنچ گیا ۔ بار بار ہونیوالی لوڈ شیڈنگ نے روزہ داروں کی زندگی اجیرن کر دی‘ حکومتی دعوئوں کے باوجود بڑے شہروں میں بھی سحر و افطار سمیت تراویح کے موقع پر لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا گیا۔ جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں روزہ داروں نے اندھیرے میں سحر اور شدید گرمی میں افطار کیا ۔ مرمت کے نام پر بجلی کی بندش سمیت ٹیکنکل لوڈ مینجمنٹ کے تحت کم وولٹیج کا سلسلہ بھی جاری رکھا گیا‘ ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید ترین گرمی کے باعث ملک میں بجلی کی ڈیمانڈ بڑھ کر بائیس ہزار میگاواٹ سے بھی تجاوز کر گئی جس سے شارٹ فال بڑھ کر آٹھ ہزار میگاواٹ کے قریب پہنچ گیا ۔ کئی چھوٹے شہروں میں بدترین لوڈ شیڈنگ کے ستائے لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا ۔ لیسکو ذرائع کے مطابق لیسکو کا شارٹ فال بڑھکر بارہ سو میگاواٹ تک پہنچ گیالیسکو کی ڈیمانڈ بڑھ کر 3200 میگاواٹ تک آگئی ۔حکومت کی بڑے شہروں میں افطار اور سحر سمیت تراویح کے موقع پر لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی کوشش تو کامیاب نہ ہو سکی لیکن حکومت کی اس کوشش نے دن کے وقت لوگوں کی زندگی اجیرن کر دی شہروں میں صبح کے وقت لوگوں کو بدترین لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑا ایک گھنٹے کے بعد دودو گھنٹے اور بعض علاقوں میں پندرہ منٹ کے بعد دو دو گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی گئی۔ منڈی بہاؤالدین سے نامہ نگار کے مطابق نہراپرجہلم میں کھیوہ کے قریب گرمی کی شدت کوکم کرنے کیلئے نہرمیں نہانے والانوجوان ڈوب گیا، نعش کی تلاش جاری ہے۔ قصور سے نمائندہ نوا ئے وقت کے مطابق قصور اور گردونواح میںلیسکو کی جانب ہر گھنٹے بعد بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے شدید گرمی میں شہری بلبلا اٹھے ،دیہات میں 18 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس سے کاروبار مراکز، مزدور طبقہ بجلی کی فراہمی نہ ہونے سے بری طرح متاثر ہورہا ہے۔ شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق شیخوپورہ میں گزشتہ 3روز سے گرمی کی شدید لہر کے باعث کاروباری زندگی شدید متاثر ہوا ہے جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخوپورہ کی لیبارٹری میں ایئر کنڈیشنڈ نہ ہونے کے باعث اور مریضوں کا رش کی وجہ سے دو مریض بیہوش ہو گئے جبکہ مین بازار میں بھی خریداری کرنے آنے والے دو افراد شدید گرمی کے باعث بیہوش ہوئے جن کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی شدید گرمی میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی شروع رہا۔ گائوں چوڑا راجپوتاں کا نوجوان شہزاد نہر اپر چناب میں نہاتے ہوئے ڈوب کر ہلاک۔ شہر میں چھ گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں سے چودہ سے پندرہ گھنٹے بجلی کی لوڈشیدنگ ہوئی جس سے شدید گرمی میں لوگوں کا براحال رہا ، روزہ دار پریشان رہے۔ پکاگڑھا جناح کالونی میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے فیڈر میں خرابی تھی جسے گیپکوعملہ نے ٹھیک کرکے علاقہ میں بجلی بحال کردی ۔ شہریوں کے مطابق شدید گرمی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے روزہ دار اور شہری پریشان ہیں ۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق شدید گرمی سے درجنوں ٹرانسفارمر خراب،فیڈر ٹرپ کر گئے۔گزشتہ روز گوجرانوالہ ریجن میں شارٹ فال 500 میگا واٹ تھا، گزشتہ روز بجلی کی طلب 2000 میگا واٹ جبکہ نیشنل گرڈ سٹیشن سے رسد 1600 میگا واٹ تھی، اس طرح ریجن بھر کو 500 میگا واٹ شارٹ فال کا تاحال سامنا ہے۔ کامونکے سے نامہ نگار کے مطابق فسٹ ائیر کی طالبہ پرچہ کے دوران شدید گرمی سے بیہوش ہوگئی۔ بتایا گیا کہ گذشتہ روز نواحی گائوں گھوماں کے محمد خالد کی بیس سالہ بیٹی مبین بی بی جی ٹی روڈ پر گورنمنٹ گرلزڈگری کالج میں فسٹ ائیر کا امتحان دے رہی تھی کہ پرچہ کے دوران گرمی کی وجہ سے وہ بے ہوش ہوگئی،جسے فوری طبی امداد کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچادیا گیا ۔پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق گرمی کی شدت ، سورج سوا نیزے پر اور بجلی 14سے 16گھنٹے تک بند لوگوں کا بُرا حال روزے دار بے ہوش سحری و افطاری کے علاوہ نمازوں اور نماز تراویح کے اوقات میں بھی بجلی کی بندش سے تراویح کی نماز میں خاصی کمی واقع ہوئی ہے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حافظ آباد شہر اور گردونواح میں بجلی کی بارہ سے چودہ گھنٹے تک غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا محال کردیا شدید گرمی کے دوران بجلی کی طویل بندش سے لوگوں کا گھروں میں آرام کرنا بھی محال ہوگیا دوسری طرف سینکڑوں پاور لومز بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیوجہ سے بند ہونا شروع ہوگئیں۔